ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد تک کمی

حساس پرائس انڈیکیٹر کے مطابق 10 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کمی ہوئی ہے۔
مہنگائی کی شرح میں یہ کمی بنیادی طور پر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کی وجہ سے ہوئی اور یہ 3 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ریکارڈ کیے گئے 1.35 فیصد اضافے کے برعکس ہے۔
سب سے کم ماہانہ آمدنی والے افراد (جو ماہانہ 17 ہزار 732 روپے سے کم کماتے ہیں) کے لیے مہنگائی میں 0.24 فیصد کمی ہوئی ہے اور سب سے زیادہ آمدنی والے گروپ میں شامل افراد (جو ماہانہ 44 ہزار 175 روپے سے زیادہ کماتے ہیں) کے لیے 0.04 فیصد کمی آئی۔
بجلی 3 روپے 9 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی
ملک میں اشیا کی قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے ضروری اشیا کی قیمتوں کی نقل و حرکت کا ایک مختصر وقفے سے جائزہ لینے کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر ایس پی آئی رپورٹ تیار کی جاتی ہے، ایس پی آئی میں ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں سے جمع کی گئی 51 ضروری اشیا کی قیمتیں شامل ہوتی ہیں۔