کنگلے معید پیرزادہ نے امریکہ میں 30 کروڑ کا گھر کیسے خرید لیا؟

پاکستان فوج اور اسکی قیادت پر گزشتہ تین برس سے کیچڑ اچھالنے والے عمران خان کے حمایتی اینکر پرسن معید پیرزادہ نے پاکستان سے فرار ہونے کے بعد امریکہ کے مہنگے ترین علاقے میں 30 کروڑ روپے کا مالیتی گھر خرید لیا ہے۔ پاکستان چھوڑنے سے پہلے معید  پیرزادہ جی این این ٹی وی چینل سے 8 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لیتے تھے۔ ایسے میں پاکستانی تحقیقاتی ادارے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آمدنی کے نہایت محدود ذرائع ہونے کے باوجود معید پیرزادہ نے 30 کروڑ مالیت کا مہنگا ترین گھر کیسے خرید لیا۔

روزنامہ جنگ سے وابستہ سینیئر صحافی فخر درانی کی ایک رپورٹ کے مطابق معید پیرزادہ نے 30 اکتوبر 2022 کو اپنی جان کو لاحق خطرات کا دعویٰ کرتے ہوئے پاکستان چھوڑا اور برطانیہ پہنچ گئے، چند ماہ بعد معید نے یہ بیان دیا کہ وہ مسلسل مقام تبدیل کر رہے ہیں تاکہ اپنی جان بچا سکیں۔ لیکن پھر حیرت انگیز طور پر، ملک چھوڑنے کے دس ماہ سے بھی کم عرصے کے اندر وہ امریکہ کے مہنگے ترین علاقے پوٹومیک، میری لینڈ میں دو کنال کا ایک شاندار گھر خریدنے میں کامیاب ہو گئے، جس کی قیمت 5۔1 ملیں ڈالرز (یعنی 10 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھی۔ یہ رقم 30 کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے۔ اس حوالے سے معید پیرزادہ نے ٹوئٹر X پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے برطانیہ میں اپنا پرانا خاندانی گھر فروخت کر کے یہ امریکی پراپرٹی خریدی ۔تاہم، یوکے کمپنیز ہاؤس اور یوکے لینڈ رجسٹری سے حاصل شدہ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ جائیداد ان کی اہلیہ نے 2006 میں خریدی اور اپریل 2023 میں فروخت کر دی۔ لیکن یہ اثاثہ پاکستان میں کبھی ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر نہیں کیا گیا، جو پاکستان کے ٹیکس قوانین کے مطابق اثاثہ چھپانے کا واضح کیس ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی ریکارڈز سے معلوم ہوا ہے کہ معید کی اہلیہ کی کوئی ظاہر شدہ آمدنی نہیں ہے۔

ریکارڈز سے پتہ چلتا ہے کہ معید حسن پیرزادہ برطانوی شہریت رکھتے ہیں اور ان کی اہلیہ نے امریکہ میں مہنگا ترین لگژری گھر مشترکہ طور پر خریدا۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد معید نے اپنے یوٹیوب چینل پر عمران کے حق میں مہم شروع کی اور کچھ ہی عرصے بعد چپ چاپ پاکستان چھوڑ دیا۔

ریکارڈ کے مطابق معید پیرزادہ نے امریکہ میں جو دو کنال کا مکان خریدا ہے اس میں 4 بیڈ روم ہیں، 2 باتھ رومز ہیں، ایک نجی دفتر ہے، ایک ایک لیونگ اور فیملی رومز ہیں، ایک خوبصورت باغ ہے اور دو الگ گیراج بھی موجود ہین۔ یہ گھر جولائی 2023 میں لسٹ ہوا اور 15 اگست 2023 کو نجمیٰ ناہید پیرزادہ اور معید حسن پیرزادہ کے نام پر منتقل ہوا۔ اس کے بعد سے اس جائیداد کی مالیت میں کئی لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے، اور اب اسکی موجودہ قیمت ساڑھے لاکھ ڈالرز بتائی جا رہی ہے۔

 انڈیا پاکستان کی جنگ سے چین نے سب سے زیادہ فائدہ کیسے اٹھایا؟

جب فخر درانی نے معید پیرزادہ سے ٹوئٹر پر یہ سوال کیا کہ انہوں نے اتنا مہنگا مکان کیسے خرید لیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ رقم برطانیہ میں ان کے پرانے خاندانی گھر کی فروخت سے حاصل ہوئی۔ لیکن حقائق ان کے اس موقف کی تصدیق نہیں کرتے۔ فخر درانی کے مطابق یوکے لینڈ رجسٹری ریکارڈ میں معید کی اہلیہ نے 13 اکتوبر 2006 کو ایک جائیداد چار لاکھ اور بیس ہزار پاؤنڈز میں خریدی۔بعد ازاں، اس پر 3 نومبر 2008 کو ایک قرض بھی رجسٹرڈ ہوا۔ اس کے باوجود یہ جائیداد 13 اپریل 2023 کو فروخت کر دی گئی۔ س جائیداد کو 2006 سے 2023 تک کبھی بھی پاکستانی ٹیکس حکام کو ظاہر نہیں کیا گیا، حالانکہ معید پیرزادہ اور ان کی اہلیہ 1997 سے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان ہیں۔امریکی جائیداد کی خریداری سے قبل، پیرزادہ نے مارچ 2023 میں ایم این پی ملٹی میڈیا ایل ایل سی کے نام سے ایک کمپنی رجسٹر کرائی۔ ریاست میری لینڈ کے ریکارڈ کے مطابق، یہ کمپنی 3 مارچ 2023 کو رجسٹر ہوئی۔ ستمبر 2023 میں کمپنی کا پتہ تبدیل کر کے نئے خریدے گئے لگژری گھر پر منتقل کر دیا گیا۔ تاحال اس کمپنی نے کوئی سالانہ مالیاتی رپورٹ جمع نہیں کرائی۔ معید پیرزادہ اور ان کی اہلیہ دونوں برطانیہ کے شہری ہیں اور امریکہ میں ریزیڈنٹ گرین کارڈ ہولڈر کی حیثیت سے مقیم ہیں۔۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ معید پیرزادہ تو پاکستان میں ٹیکس دہندہ تھے، مگر ان کی اہلیہ نے 2022 تک کبھی کوئی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا۔ان کے برطانوی اثاثے، لینڈ رجسٹری کا ریکارڈ، اور پاکستان کے ٹیکس دستاویزات تصدیق کرتے ہیں کہ یہ جائیداد پاکستان میں ظاہر نہیں کی گئی۔ فخر درانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے معید پیرزادہ کو 13 نکات پر مشتمل سوالنامہ ای میل، امریکی فون نمبر، اور پاکستانی واٹس ایپ نمبر پر بھیجا، لیکن انہوں نے جواب دینے کے بجائے صرف ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے برطانیہ میں اپنا پرانا خاندانی گھر فروخت کیا اور قانونی بینکنگ ذرائع سے امریکہ میں پراپرٹی خریدنے کے لیے رقم منتقل کی۔ تاہم پاکستانی حکام نے تفتیش شروع کر دی ہے کہ معید پیرزادہ نے محدود ذرائع آمدن ہونے کے باوجود امریکہ میں 30 کروڑ مالیت کا گھر کیسے خرید لیا۔

Back to top button