عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

مرکزی رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے عمران خان سے وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ کروانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے دائر درخواست میں سیکریٹری داخلہ،ہوم سیکریٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا ہے۔
عمر ایوب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر شیڈول بنانے کے باوجود عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی وفد واپس روانہ
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اسد قیصر اور عمر ایوب پر مشتمل وفد آج عمران خان سے ملاقات کےلیے اڈیالا جیل پہنچا تھا لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی جس کے بعد قائدین جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
جیل ذرائع کےمطابق ملاقات کےلیے پی ٹی آئی رہنماؤں کی کوئی فہرست فراہم نہیں کی گئی تھی، منگل کو چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا سمیت 10 وکلا کی ملاقات کرائی گئی۔
جیل ذرائع کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جیل حکام سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔