انڈیا کے اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم کی تباہی اہم ترین کامیابی کیوں؟

حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان نے جو سب سے بڑی اور اہم ترین عسکری کامیابی حاصل کی وہ انڈیا کے ایس 400 نامی جدید ترین ائیر ڈیفنس سسٹم یا اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کی تباہی تھی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس نے تصدیق کی ہے کہ روس سے ڈیڑھ سو ارب ڈالرز میں خریدا جانے والا مہنگا اور جدید ترین اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم پاکستان نے تباہ کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نظام کو تباہ کرنے کے لیے پاکستان ایئر فورس نے چینی ساختہ جے ایف تھنڈر 17 اور جے ایف 10 سی لڑاکا طیارے استعمال کیے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق حالیہ پاک بھارت جنگ کا شاید سب سے ہائی پروفائل واقعہ بھارت کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی تباہی کا ہی تھا۔
یورپی دفاعی تجزیاتی ویب سائٹ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق 10 مئی کے صبح تین پاکستانی ایئر بیسز پر انڈین میزائل حملوں کے بعد جوابی حملوں میں پاک فضائیہ نے بھارت کی آدم پور ائیر بیس سے آپریٹ کرنے والے روسی ساختہ دفاعی نظام یا اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جس سے بھارتی دفاع کو ایک بڑا دھچکا پہنچا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کے لیے پاک فضائیہ نے اپنے جے ایف 17 تھنڈر اور جے ایف تھنڈر 10 سی لڑاکا طیاروں میں جدید ترین ہائپرسونک میزائل فٹ کیے جس سے انکے حملے کی صلاحیت اور بھی بہتر ہو گئی۔ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق ہوسکتا ہے کہ پاکستان نے چین کے ہائپر سونک میزائلوں کا مقامی ماڈل تیار کیا ہو، تاکہ بھارتی دفاعی نظام کی تباہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دفاعی ماہرین کا خیال ہے کہ ایس 400 اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کی تباہی کے انڈین ائیر دفاعی حکمت عملی پر دور رس نتائج ہوں گے۔
شاید یہی وجہ تھی کہ پاکستانی حملوں کے فورا بعد بھارت نے اپنے ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ ہو جانے کے پیش نظر جوابی حملے کرنے کی بجائے سیز فائر پر رضامندی کا اظہار کر دیا۔ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے اندر تک جا کر اس کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے سے یہ علامتی پیغام بھی گیا کہ پاکستان بھارت کے بہت اندر تک جا کر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینیٹ جنرل احمد شریف نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے دو مقامات پر انڈیا کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
مودی سرکار پاکستان کے ساتھ سیز فائر پر مجبور کیوں ہوئی؟
لیفٹینیٹ جنرل احمد شریف نے انڈیا کے خلاف پاکستانی آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن پر ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے اڑی اور پونچھ میں بھارتی ڈیفنس سسٹم اور ریڈارز کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان پر میزائل حملوں میں استعمال ہونے والے 26 انڈین فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔