ڈی آئی خان : سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 خوارج ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن شہید

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے کیپٹن حسنین اختر شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق 20 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق آپریشن کےدوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی،جس کے نتیجے میں تمام 10 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایاکہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں جہلم سے تعلق رکھنےوالے 24 سالہ کیپٹن حسنین اختر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق کیپٹن حسنین اختر ایک بہادر افسر تھے اور گزشتہ آپریشنز کےدوران دلیرانہ اور جرات مندانہ کارروائیوں کےلیے مشہور تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آپریشن کے دوران مارے گئے خارجی دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا،جو قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
پاک فوج کے مطابق علاقے میں پائےجانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کےلیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوان افسران کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بلوچستان اور KPKمیں گرینڈ فوجی آپریشن کا مطالبہ زور کیوں پکڑنے لگا؟
دریں اثنا، وزیر اعظم نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی اور شہید کیپٹن حسنین اختر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کے بلندی درجات اور اہل خانہ کےلیے صبر کی دعا کی۔