مختلف مقدمات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کے خلاف 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک مقدمے میں عبوری ضمانتوں میں 28 جنوری تک توسیع کر دی۔
ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ اسلام آباد میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نےکی۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کےوکیل کی جانب سے آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی تاہم ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ نہ سنایا جاسکا جب کہ حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی گئی۔
عدالت میں جونئیر وکیل نے مؤقف اختیار کیاکہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر دوسرے کیس میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتےہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہےکہ 17 دسمبر کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت 7 جنوری تک ملتوی کی تھی۔
فیصل چوہدری نے ن لیگ پر مذاکرات سبوتاژ کرنے کا الزام لگادیا
عمران خان کےخلاف تھانہ ترنول میں 2، ایک ایک مقدمہ تھانہ رمنا،سیکرٹریٹ،کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں درج ہے، عمران خان کےخلاف 3 مقدمات 9 مئی واقعات کےتناظر میں درج ہیں جب کہ ایک مقدمہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کےخلاف احتجاج کے تناظر میں درج ہے۔
اس کےعلاوہ عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ اداروں کےخلاف تقریر اور ایک مقدمہ توشہ خانہ جعلی رسیدوں پر درج ہے جب کہ بشریٰ بی بی کےخلاف توشہ خانہ جعلی رسیدیں جمع کرانے پر تھانہ کوہسار میں فوجداری کا مقدمہ درج ہے۔