جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں خصوصی تقریب

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ایک پر وقار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کےمطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کے اعزاز میں خصوصی گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد ہوئی۔فیلڈ مارشل نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتےہوئے ان کے درجات کی بلندی کےلیے دعا کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے یہ اعزاز پوری قوم،مسلح افواج، خاص طور پر سول اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور سابق فوجیوں کےنام کیا۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اظہار خیال کرتےہوئے کہاکہ یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے۔
انہوں نےکہا کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز خاص طور پر ان شہدا کو خراج عقیدت ہے، جو پاکستان کے خلاف بھارت کی بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جارحیت کے خلاف فولاد کی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔