آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل کا سیاسی و عسکری قیادت کے اعزاز میں عشائیہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آپریشن ’بنیان مرصوص کے دوران افواج پاکستان کے عزم و حوصلے،پاکستانی عوام کے جذبہ حب الوطنی اور سیاسی قیادت کی پختہ وابستگی کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے عشائیہ کا اہتمام کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر کے عشائیے میں صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
عشائیے میں صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،وفاقی وزرا، گورنرز،وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا،دونوں سروسز چیفس،سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت،اعلیٰ سرکاری حکام اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک تھے۔
عمران خان کے خلاف ہرجانے کے کیس میں وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش
ترجمان پاک فوج کےمطابق فیلڈ مارشل نے معرکہ حق میں سیاسی قیادت کی دور اندیشی کو سراہا جب کہ بھارتی پروپیگنڈا مہم کےخلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے پُر عزم کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ’آہنی دیوار‘ قراردیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پاکستانی سائنسدانوں،انجینئرز اور سفارتکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو بھی سراہا جو اس تنازع کےدوران نہایت اہم ثابت ہوئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق عشائیہ میں شریک شرکا نے مسلح افواج کی قربانیوں اور جرات کو سراہا جب کہ فیلڈ مارشل نے بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی کوآرڈینشن کو بھی سراہا۔