وزیرخزانہ کاسٹیٹ بینک کو کرپٹو کرنسی متعارف کرانے کا مشورہ

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نےپاکستان کے بینکنگ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن پر زوردیتے ہوئے کرپٹو کرنسی کو متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
محمد اورنگزیب کا پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تحت تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے،اس لیے اسٹیٹ بینک ملک میں کرپٹو کرنسی متعارف کرانے پرکھلے دل سے غور کرے،جبکہ غیر رسمی مارکیٹ میں پہلے سے ہی کرپٹو کرنسی کا استعمال ہورہا ہے۔انھوں نے ڈیجیٹل اثاثوں اور اے آئی کیلئے ایک ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا،ان خیالات کا اظہارانھوں نے پیر کو پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تحت پہلی پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا اگلا مشن مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچے گا جو ابتدائی 6 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لے گا جبکہ ایک ٹیکنیکل مشن پاکستان پہنچ چکا ہے جس سے لچکدار کلائمیٹ فنانسنگ پربات ہوگی۔یہ مشن 3 سے 3 دن پاکستان میں قیام کریگا،انھوں نے کہا کہ پی آئی اے رواں سال انشاء اللہ پرائیویٹائز ہوجائے گی،وزیرِخزانہ نے کہا کہ حکومت جاری اصلاحات پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گی،ایف بی آر اصلاحات کو اسی جذبے کے ساتھ آگے لے کر جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ تمام ابھرتی منڈیاں مختلف ہیں،ہمیں ایک دوسرے سے سیکھنا ہوگا، کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہماری دعائیں تھیں،برآمدات میں معدنیات کی کافی صلاحیت ہے،اگر ٹیکس کی بنیاد کو وسیع اورگہرا نہیں کریں گے تو پائیدار ترقی ممکن نہیں ہے،ریونیو لیکیجز اورکرپشن کو ختم کرنا ہے۔جس کے ذریعے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیں گے۔ہم ایکسپورٹس کو بڑھاوا دیں گے اور سرحدوں کی کڑی نگرانی جاری رکھیں گے۔
