غزہ کی ویڈیوز ڈی چوک کہہ کر استعمال کی جا رہی ہیں : عطاء تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کاکہنا ہےکہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا بازار گرم کر رکھاہے۔ غزہ کی ویڈیوز استعمال کی جارہی ہیں یہ کہہ کرکہ یہ ڈی چوک کی ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نےکہاکہ ریاست نے فیصلہ کیا ہےکہ انتشار اور تشدد کی کسی کو اجازت نہیں دی جائےگی،حالیہ پرتشدد احتجاج میں شریک تمام شر پسندوں کا ’اسپیڈی ٹرائل‘ کیا جائےگا،سخت سزائیں دی جائیں گی،کسی کو رعایت نہیں ملے گی،تاکہ آئندہ کےلیے مثال قائم کی جا سکے۔
عطاء تارڑ نےکہاکہ کسی کو تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اب لاشوں کی سیاست کی جارہی ہے،پمز اور پولی کلنیک اسپتال کا بیان ہےکہ انہیں کوئی لاش موصول نہیں ہوئی۔
عطاء تارڑ کاکہنا ہےکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کےذریعے تصاویر بنائی جارہی ہیں، 2019ء کی تصاویر سوشل میڈیا پر چلائی جارہی ہیں جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔
وفاقی وزیر نےکہاکہ پہلے کہاگیا کہ اسنائپر شاٹ مارے گئے،پھر کہاگیا کہ سیدھی فائرنگ ہوئی،غزہ کی ویڈیوز استعمال کی جارہی ہیں یہ کہہ کرکہ یہ ڈی چوک کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ رینجرز والے شہید ہوئے،آپ نے ان کی ویڈیوز اور تصاویر تو پوسٹ نہیں کیں،آپ کے لوگ اے کے 47 سے فائرنگ کرتےرہے،آپ نے وہ تو پوسٹ نہیں کیا۔
وزیر اطلاعات نےکہاکہ تمام ٹی وی چینلز نے ان کو بھاگتےہوئے دکھایا،جب یہ بھاگ گئےتو میں نے پوری سڑک پر واک کی اور سب کچھ دکھایا،یہ چپلیں،کپڑے اور گاڑیاں چھوڑ کے بھاگےتھے،پوری قوم نے آپ کو بھاگتےدیکھا،کوئی ایک ویڈیو ہے جس میں رینجرز نےفائرنگ کی ہو؟
عطاء تارڑ کاکہنا ہےکہ کنٹینر پر وہ شخص نماز نہیں پڑھ رہاتھا ٹک ٹاک بنارہا تھا، علی امین گنڈاپور 2 مرتبہ فرار ہوئےہیں، یہ کبھی 100 ڈیڈ باڈیز کاکہتے ہیں تو کبھی 10 کا کہتےہیں۔
انہوں نےکہا کہ اس دفعہ تمام گرفتار لوگوں کو سزائیں ہوں گی،ہماری فورسز کے پاس اسلحہ نہیں تھا،آپ جھوٹی اور پرانی ویڈیوز کا سہارا لےرہے ہیں،آرٹیفیشنل انٹیلیجنس کا سہارا لے رہےہیں۔
وفاقی وزیر کاکہنا ہےکہ آپ کی بھاگتے ہوئےویڈیو ہے تو آپ پر فائرنگ کی کیوں نہیں ہے؟ آپ کی پوری لیڈر شپ احتجاج سےغائب تھی، کوئی نہیں آیا، سلمان اکرم راجہ اور صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ غلط کیاگیا، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں،یہ اسٹیٹ کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، انہوں نے خود اپنا کنٹینر جلایا، خیبر پختون خوا کے عوام نے بھی ان کےانتشار کو مسترد کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ رینجرز کے بارے میں کہا گیا کہ اپنی ہی گاڑی نے انہیں کچل دیا، آپ شہداء کی تضحیک کرتے ہیں، پروپیگنڈا کرتے ہیں، جھوٹے بیانیے سے اکانومی ڈی ریل نہیں ہو گی، جو لوگ پکڑے گئےہیں ان کا اسپیڈی ٹرائل ہو گا، ایک بندہ رہا نہیں ہو گا،جن لوگوں نے ڈیڈ باڈیز کا پروپیگنڈا کیا انہیں جواب دینا ہوگا،یہ ایکسپوز ہوچکے،ان کا ملک دشمن ایجنڈا سامنے آچکا۔
عطاء تارڑ نےکہاکہ ایم ڈی آئی ایم ایف کے الفاظ تھےکہ شہباز شریف نہ ہوتے تو پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا،وزیر اعظم کی قیادت میں دن رات محنت ہورہی ہے، ہمیں جب یہ ملک ملا تو ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، ہم نے رونا دھونا نہیں مچایا، پاکستان کے زرمبادلہ کےذخائر 11 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئے۔
پی ٹی آئی احتجاج :گرفتار افراد کو پیسے دیکر مظاہرے کیلئے لائے جانیکا انکشاف
انہوں نےیہ بھی کہاکہ ملک ترقی کر رہا ہے، معاشی اشاریے مثبت ہورہے ہیں، اسٹاک ایکس چینج ایک لاکھ کی حد عبور کر چکی،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آ گئی، سعودی عرب،یو اے ای کے وفود اور ملائیشیا کے وزیر اعظم پاکستان آ چکے ہیں،بیلاروس کے صدر پاکستان کے دورے پر آئے،کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔