جی ایچ کیو حملہ کیس : عمران خان کی لیگل ٹیم تبدیل

9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان نے لیگل ٹیم میں تبدیلی کردی۔نئی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ عرفان نیازی، وحید انجم،فیصل چوہدری اور محمد عمران شامل ہیں۔
عمران خان کی نئی لیگل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کےلیے درخواست بھی دائر کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے جیل حکام کو وکلاء کی عمران خان سے ملاقات کرانےکا حکم جاری کردیا۔
عمران خان نے 9 مئی برپا کیا، وطن کی اساس کو للکارا اور دفاع کی علامات کو نشانہ بنایا : خواجہ آصف
خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کےبعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیاگیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی،سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیاگیا تھا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیاتھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھاجسے جناح ہاؤس بھی کہاجاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑدیا تھا۔
اس کےبعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے ساتھ لڑائی،توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کرلیا گیاتھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کےخلاف مقدمات بھی درج کیے گئ تھے۔