جی ایچ کیو حملہ کیس : سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد
انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں 5 دسمبر کی عدالتی کارروائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے سے متعلق عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گری عدالت کے جج امجد علی شاہ نے آج ہونےوالی سماعت میں پراسکیوٹر کے دلائل سے اتفاق کرتےہوئے عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے 5 دسمبر کی عدالتی کارروائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔
پراسکیوٹر ظہیر شاہ نے کہاکہ اڈیالہ جیل ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب کے ماتحت ہے،سی سی ٹی وی فوٹیجز دینےکا اختیار انہی کے پاس ہے۔ درخواست گزار سی سی ٹی وی فوٹیجز کے یے ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں ہونے کی وجہ سے مذکرات میں شریک نہیں ہوا : عمر ایوب
واضح رہے کہ عمران خان اور فواد چوہدری نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی فراہمی کی درخواست دائر کی تھی۔
دوسری جانب عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کے اور 2 ملزمان عاصم اور شہیر سکندر کو اشتہاری قرار دینےکی کارروائی شروع کر دی۔
اسی طرح جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں عدالت نے سابق ایم این اے بلال احمد پر بذریعہ پلیڈر فرد جرم عائد کردی جس کےبعد اس مقدمہ میں اب تک کل 117 ملزمان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔ مقدمےمیں 2 ملزمان کو اشتہاری قراردیا گیا،کیس کی آئندہ سماعت 6 جنوری 2025 تک ملتوی کردی گئی۔