امریکہ نے ضیا اور مشرف کو ٹشو پیپرز کی طرح کیسے استعمال کیا ؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں سرعام رسوائی کا شکار ہونے والے یوکرینی صدر زیلنسکی ڈسٹ بن میں پھینکے جانے والے پہلے ٹشو پیپر نہیں ہیں، نہ ہی وہ کسی کم زور ملک کے پہلے ہیڈ آف دی سٹیٹ ہیں جن کی توہین کی گئی۔ فرق صرف اتنا ہے کہ یوکرینی صدر کی امریکی صدر سے گفتگو کی ویڈیو سامنے آ گئی، ورنہ تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو صدر جنرل ضیاء الحق اور صدر جنرل پرویز مشرف کے ساتھ بھی امریکیوں نے ایسا ہی سلوک کیا تھا۔

روزنامہ جنگ کے لیے اپنی تازہ سیاسی تجزیے میں ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معروف لکھاری حماد غزنوی کہتے ہیں کہ ہمارے ایک دوست ہوا بازی کے وفاقی وزیر ہوا کرتے تھے، ایک مرتبہ وہ وزیرِ اعظم کے ہم راہ ایک متمول ریاست کے دورے سے لوٹے تو ’’کام یاب‘‘ دورے کی روداد سناتے ہوئے ان کا چہرہ متغیر ہونے لگا، کہنے لگے کہ ’’برادر‘‘ ملک میں ہماری باقاعدہ ’’عزت افزائی‘‘ کی گئی، ہم سے ایسا سلوک کیا گیا جیسا وڈیرا اپنے کمّی سے کرتا ہے، اور کمّی کمین بھی وہ جو پہلا ادھار واپس نہ کر سکا ہو اور منہ اٹھا کر نیا ادھار مانگنے چلا آئے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ قرض منظور ہونے کی شرائط طویل اور ہمارے قومی مفادات سے متصادم تھیں، پی آئی اے کس روٹ پر چلے گی، کس روٹ پر نہیں چلے گی جیسی قدغنیں بھی فہرستِ شرائط میں شامل تھیں، مگر ہم مجبور تھے، سو مانتے چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’برادر‘‘ ملک ہم سے مذاکرات نہیں کرتے، صرف احکامات جاری کرتے ہیں۔اس توہین آمیز داستان کی جزیات سناتے ہوئے ہمارے دوست ایک سے زیادہ بار باقاعدہ تمتمانے لگے۔

اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے حماد غزنوی کہتے ہیں کہ حال ہی میں دنیا نے امریکی صدر کے اوول آفس کا ایک چشم کُشا منظر دیکھا ہے جس میں یوکرین کے صدر زیلنسکی اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ’’مذاکرات‘‘ ہو رہے ہیں۔ ہمیں ہمیشہ تجسس رہا کہ جب ملکوں کے سربراہان ملتے ہیں اور ’’باہمی دلچسپی‘‘ کے امور پر گفتگو کرتے ہیں تو کیا ماحول ہوتا ہو گا، ایک دوسرے کو کن القابات سے بلاتے ہوں گے، گفتگو انگریزی میں کرتے ہوں گے یا مترجم کی مدد سے اپنی اپنی زبان میں ، سنجیدہ رہتے ہوں گے یا جُگت بازی بھی چلتی ہو گی، دوستی ہو جائے تو ایک دوسرے کا موبائل نمبر بھی لیتے ہوں گے، اور اگر کسی بات پر تلخی ہو جائے تو منہ سُجا لیتے ہوں گے یا مسکرانے کی اداکاری جاری رہتی ہو گی۔ ٹرمپ زیلنسکی کی ویڈیو نے ہماری کئی خوش فہمیاں دور کر دیں، دونوں صدور کے درمیان مکالمے کی سطح تھڑے کی کج بحثی سے ایک سوتر بھی بلند نہ تھی، ٹرمپ تو ٹرمپ ہیں انکے نائب صدر بھی ان کے اصلی اور نسلی نائب ثابت ہوئے، یعنی ٹرمپ کے گنڈاپور، وہی انداز و اطوار وہی ’’باوقار‘‘ اندازِ گفتگو۔

خیر امریکی صدر اور ان کے نائب صدر مسلسل یوکرینی صدر کو کوس رہے تھے کہ ہم نے تمھیں اربوں ڈالرز دیے اور تم نے ہمارا شکریہ ادا نہیں کیا، یعنی تم غریب بھی ہو، کم زور بھی اور نا شکرے ہو۔ زیلنسکی کو اس ’’مہمان نوازی‘‘ کے بعد بغیر کھانا کھلائے وائٹ ہائوس سے جبری طور پر رخصت کر دیا گیا۔ ویسے یہ بات درست ہے کہ زیلنسکی نے امریکا کا اُس طرح شکریہ ادا نہیں کیا جو کہ امریکا کا حق تھا۔

حماد غزنوی بتاتے ہیں کہ دس سال پہلے سی آئی اے نے یوکرین میں ایک رجیم چینج آپریشن کیا تھا جسکے بعد یوکرین کی تباہی کا آغاز ہوا، امریکا نے یوکرین کو روس کے خلاف جنگ لڑنے کی ہلہ شیری دی، یوکرین کو مغرب اور روس کے درمیان دیوار قرار دیا، زیلنسکی کی آمریت کی بھرپور حمایت کی اور اسے جمہوری دنیا کا ہیرو قرار دیا، اس دوران لاکھوں یوکرینی ہلاک ہوئے اور یوکرین کے سینکڑوں مربع میل علاقے پر روس نے قبضہ کر لیا، اور پھر یک دم راتوں رات امریکا نے پالیسی تبدیل کر لی، زیلنسکی کو ’مسخرہ‘ قرار دے دیا گیا، یوکرین کی امداد بند کر دی گئی اوراسے جنگ بندی کا حکم دے دیا گیا۔ ان مہربانیوں پر یوکرینی صدرامریکا کا جتنا بھی شکریہ ادا کرے کم ہے۔

حماد غزنوی بتاتے ہیں کہ اپنی کٹھ پتلیوں کو استعمال کرنا اور پھینک دینا، امریکا کا یہ سلوک بہت پُرانا ہے، زیلنسکی کو تو اب بھی یورپ کی حمایت حاصل ہے ورنہ امریکا اور یورپ متعدد بار متحد ہو کر یہ کھیل مختلف خطوں میں کھیل چکے ہیں۔ پاکستان میں ضیاالحق نام کا ایک ڈکٹیٹر ہوا کرتا تھا جس نے افغانستان میں سی آئی اے کی شروع کی ہوئی بھاڑے کی جنگ لڑی تھی، اس کا انجام ہر خاص و ’’آم‘‘ کو اچھی طرح یاد ہے۔ اور وہ بھی ہمارے سامنے کی بات ہے جب طالبان امریکا اور جمہوری دنیا کے لاڈلے ہوا کرتے تھے جنہوں نے کمیونسٹ روس اور گرم پانیوں کے درمیان ناقابلِ تسخیر دیوار اٹھا رکھی تھی۔ لہٰذا، زیلنسکی صاحب دل برا نہ کریں، وہ امریکی ڈسٹ بن میں پھینکے جانے والے پہلے ٹشو پیپر نہیں ہیں، نہ ہی وہ کسی کم زور ملک کی پہلی کٹھ پُتلی ہیں جس کی توہین کی گئی ہے۔

پرویز مشرف کو نائن الیون کے بعد جارج بش نے دھمکی بھجوائی تھی کہ اگر تم نے ہمارا ساتھ نہ دیا تو پاکستان کو غاروں کے زمانے میں بھیج دیں گے، مشرف نے اپنی کتاب میں بس اتنا ہی لکھا ہے، غالباً وہ کچھ فحش کلامی حذف بھی کر گئے ہوں گے۔ کم زور ملکوں کے ساتھ یہ ہوتا رہتا ہے اور انہیں یہ غنڈہ گردی برداشت کرنا پڑتی ہے۔

فوج کو مذاکرات پر مجبور کرنے کی عمران کی پالیسی بیک فائر

حماد غزنوی کہتے ہیں کہ ہمیں ٹرمپ زیلنسکی ویڈیو میں کئی مقامات پر ایسا لگا کہ میزبان اپنے معزز مہمان کو ایک آدھ چپت رسید کرنے کیلئے بے چین ہیں، مگر زیلنسکی اس معاملے میں خوش قسمت رہے۔ امریکا میں یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ یہ وڈیو براہِ راست نشر نہیں ہوئی بلکہ ریکارڈنگ تھی جسے ایڈیٹ کر کے جاری کیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ شاید ٹرمپ اور انکے نائب صدر نے زیلنسکی کی مزید عزت افزائی بھی کی ہو جسے حذف کر دیا گیا ہو۔ سچ یہ ہے کہ کم زور ملکوں کے سب حکمران زیلنسکی ہی ہوتے ہیں، اس کی وڈیو آ گئی تو خبر بن گئی، اگر ہمارے حکمرانوں کی ’’برادر‘‘ ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں کی ویڈیوز بھی یوں جاری ہو جائیں تو شاید ہم کہہ رہے ہوں ’’ان سے تو زیلنسکی اچھا رہا‘‘۔

Back to top button