عمران خان کو نااہلی ختم کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے : صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا ہےکہ عمران خان کو 3 ماہ میں نااہلی ختم کرنے کی پیشکش کی جارہی ہے۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ دعویٰ بھی مسترد کردیا کہ عمران خان جیل سے نکلنے کےلیے منت سماجت کررہے ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ مذاکرات میں عمران خان نے کسی لیڈر کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ عمران خان کو 3 ماہ میں نااہلی ختم کرنے کی پیش کش کی جارہی ہے۔
حامد رضا کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی میں صورت حال بدتر ہے، قائد حزب اختلاف کو فلور نہیں دیاجاتا جب کہ پنجاب کا ایس ایچ او دیگر صوبوں کے آئی جیز سے بھی طاقتور ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہاکہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کےلیے پہلے عمران خان کو رہا کرنے کی شرط رکھی،جب عمران خان کو 14 سال سزا ہوئی تو مذاکرات ہی ختم کر دیے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پولرائزیشن اتنی ہوگئی ہےکہ سیاسی اختلاف دشمنی تک پہنچ گئےہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے خود کہاکہ لیڈر کو بنی گالہ بھیجنے کی تجویز انہوں نے خود دی۔