انڈیا کا پاکستانی فضائی حملوں میں بھاری نقصان کا اعتراف

بھارتی فوج نے پاکستان کی جانب سے جوابی فضائی کارروائی میں اپنی 26 سے زائد فوجی تنصیبات اور ایئربیسز کو بھاری نقصان کا اعتراف کر لیا ہے۔ پاکستانی ایئر فورس نے بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں اپنے جے ایف تھنڈر 17 جہازوں کو استعمال کیا اور بھارت کی اہم ترین دفاعی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔ نئی دہلی میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی فوج کی خواتین آفیسرز کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے بطور ترجمان بتایا کہ پاکستان ایئر فورس نے 19 مئی کی صبح 26 بھارتی مقامات کو لڑاکا طیاروں، میزائلوں اور ڈرونز سےنشانہ بنایا۔

ترجمان بھارتی فوج نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستانی فضائیہ نے لڑاکا طیاروں سے بھارتی ایئربیسز پر حملے کیے، ان حملوں میں پنجاب کے ایئربیس کو بھاری نقصان ہوا، انہوں نے کہا کہ کچھ دیگر بھارتی ائیر بیسز پر بھی حملوں سے نقصان پہنچا ہے۔ فوجی ترجمان نے تصدیق کی کہ ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈز کو نقصان پہنچا، انکا کہنا تھا کہ بھارتی ایئر بیسز پر پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے حملے کیے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ جن پاکستانی طیاروں نے بھارتی ایئر بیسز اور ایئر فیلڈز کو تباہ کیا وہ چائنیز ساختہ جے ایف تھنڈر 17 اور جے ایف 10 سی جہاز تھے۔

بھارتی فوجی ترجمان نے کہا کہ پاک افواج نے ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائیل استعمال کیے ہیں، جن سے کافی نقصان ہوا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی ایئر بیسز اور ایئر فیلڈز کو مکمل طور پر تباہ کر دینے کے دعوے درست نہیں کیونکہ مکمل تباہی کسی مقام پر نہیں ہوئی۔

بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ پاکستان کے جوابی حملوں میں انڈیا کے چار فضائی اڈوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 26 سے زیادہ مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور، بھوج اور بھٹنڈہ کی ایئر بیسز کو نقصان پہنچایا۔ کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بھارتی افواج نے پاکستان سے آنے والے کئی میزائلوں اور ڈرونز کو ’نیوٹرلائز‘ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران بھارتی سیکریٹری خارجہ نے پاکستانی تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کی صبح پاکستان کی جانب سے بھارت میں کیے گئے حملوں میں مکمل تباہی کے دعوے بے بنیاد ہیں، انہوں نے پاکستان پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد الزامات بھی لگائے۔

چین انڈیا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کیسے مدد کر رہا ہے ؟

بھارتی عہدیداروں کی پریس کانفرنس میں سیکریٹری خارجہ اور خواتین فوجی عہدیداروں کے اترے ہوئے چہرے دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ اپنے نقصانات کو چھپا رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق اودھم پور میں بھارت کا ڈیڑھ ارب ڈالرز مالیت کا جدید ترین ایس 400 ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ انکے مطابق یہاں پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سونک میزائلوں سے حملہ کیا گیا، سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی سورت گڑھ ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی ہے۔

بھارتی حملوں کا جواب دیتے ہوئے پاکستان نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے نہ صرف بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا بلکہ ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ اس کے علاوہ پاکستان ائیر فورس نے بھارت کی بھٹنڈا اور سرسہ ائیر فیلڈز بھی تباہ کر دیں، اسکے علاوہ اڑی سپلائی ڈپو کو تباہ کر دیا گیا۔

Back to top button