بھارت نے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کو بھی نشانہ بنایا : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہےکہ گزشتہ رات بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر بھی حملہ کیا تھا۔
بی بی سی کی رپورٹ کی مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہےکہ بھارت نے گذشتہ رات کے حملے میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنایا اور اس دوران نوسیری ڈیم کے ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے آبی ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور انڈیا کی اس ’آبی دہشت گردی‘ کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سوال کیاکہ کیا جنگی قوانین اور بین الاقوامی قوانین اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ کسی ملک کے آبی ذخائر اور ڈیمز کو نشانہ بنایا جائے؟
بھارتی جارحیت سے 26 شہری شہید 46 زخمی ہوئے : آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ ہائیڈرو اسٹرکچرز اور آبی ذخائر کو نقصان پہنچانا ایک ناقابل قبول اور خطرناک حملہ ہے۔ کیا بھارت پاکستان کے آبی ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور کیا وہ جانتا ہےکہ اس کے کیا نتائج ہوں گے اور اس کا کیا مطلب ہے۔