پاک بھارت کشیدگی : بھارت ایشیا کرکٹ کپ سے دستبردار ہوگیا

بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) کے تمام ایونٹس سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف رویہ ایک بار پھر کھیل کےمیدان کو متاثر کرنے لگاہے، بھارت نے ایشیا کپ 2025 کو ایک بار پھر سیاسی تعصب کی بھینٹ چڑھانےکا فیصلہ کیا ہے۔بھارت جو پہلے ہی پاکستان کےساتھ دو طرفہ کرکٹ کھیلنے سے انکاری ہے،اب ایشیائی کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) کے تحت ہونےوالے کثیر ملکی ٹورنامنٹس سے بھی راہ فرار اختیار کررہا ہے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق پاکستان سے کشیدگی کےبعد بھارت کی جانب سے ایشیا کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کیاہے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق مینز ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں کھیلا جانا ہےاور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ جون کے مہینےمیں سری لنکا میں شیڈول ہے۔

اس حوالے سے بی سی سی آئی کے اہلکار کاکہنا ہےکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہیں جب کہ بھارتی ٹیم ایک ایسے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکتی جس کے سربراہ پاکستان کے وزیر ہیں۔

بی سی سی آئی کے اہلکار کےمطابق ابھی ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کے فیصلےسے ایشین کرکٹ کونسل کو زبانی طور پر آگاہ کیاگیا ہے، اے سی سی کے باقی شیڈول ایونٹس کو بھی ہولڈ کر دیا ہے۔

Back to top button