بھارت اگلے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہےکہ پاکستان کو مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بھارت، اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پہلگام واقعے کو جواز بناکر پاکستان کےخلاف کسی قسم کی فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔ پاکستان اپنی خودمختاری،علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرےگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دےگا۔پاکستان اپنی خودمختاری،علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرےگی۔بین الاقوامی برادری کو سمجھنےکی ضرورت ہےکہ جنگ کے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی،
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہا کہ پہلگام واقعے کےبعد پاکستان نے ذمے دار ریاست ہونےکا ثبوت دیا،سچائی کو پتا لگانے،محرکات جاننے کےلیے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی، بدقسمتی سے بھارت نے غیرمعقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنےکا انتخاب کیا،یہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہوگا، غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کےلیے بڑ ا ثبوت ہے۔
وزیراعظم سےسیکرٹری اقوام متحدہ کا ٹیلیفونک رابطہ،بھارتی الزامات کی مذمت
واضح رہےکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملےکا جواب دینے کےلیے بھارتی فوج کو ’آپریشنل آزادی‘ دے دی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کےبعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس حملے کا واضح اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔