بھارتی فضائیہ کا رافیل طیارے گرائے جانے کا اعتراف

بھارتی فضائیہ کے ایئر مارشل اودیش کمار نے پاکستانی ایئر فورس کی جانب سے رافیل طیارے گرائے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ ہم حالت جنگ میں ہیں،جنگ میں نقصان ہوتا ہے۔
نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کےدوران جب ایک صحافی نے ایئر مارشل اودیش کمار (اے کے) بھارتی سے پوچھاکہ کیا وہ اس بارے میں اعداد و شمار دے سکتے ہیں کہ بھارت نے کتنے اثاثے کھوئےہیں اور یہ کہ بین الاقوامی میڈیا میں رافیل طیارے گرائےجانے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
اس سوال کےجواب میں ایئر مارشل اودیش کمار بھارتی نے کہاکہ بھارت اس وقت حالت جنگ میں ہے اور جنگ میں نقصان ہوتا ہے۔
اودیش کمار نے صحافی سےکہاکہ انہیں یہ پوچھنا چاہیےکہ کیا بھارت نے اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں،خاص طور پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنےکا ہدف،تو اس کا جواب اثبات میں ہے۔
ایئرمارشل اودیش کمار بھارتی نے کہاکہ نقصانات کے بارےمیں وہ اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیوں کہ اس سے دشمن کو فائدہ پہنچےگا اور وہ دشمن کو کوئی فائدہ نہیں پہنچانا چاہتے۔
ایئر مارشل اودیش کمار کاکہنا تھاکہ وہ صرف یہی کہیں گےکہ انہوں نے اپنے اہداف حاصل کرلیے ہیں اور ان کے تمام پائلٹ بحفاظت واپس آچکے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی2025 کو ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جوائنٹ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی میڈیا کےسامنے بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کرتےہوئے بتایا تھاکہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ تباہ کیےجانے والے بھارتی طیاروں میں 3 جدید رافیل طیارے، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30ی شامل تھے،بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے طیارے گرنے کی خبر سے انکار کیا،کچھ بھارتی میڈیا چینلز نے طیارے گرنے کی خبروں کی تصدیق کی جو بعد میں مودی سرکار نے ہٹوادیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور سینئر ائیر فورس آفیسر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی رافیل طیارےگرانے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے،ثبوتوں میں بھارتی طیاروں کے نمبرز اور تباہ ہونےکی لوکیشنز بھی دکھائی گئی تھیں۔
اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم ایس 400 کی تباہی پاک بھارت جنگ کا ہائی پروفائل واقعہ ہے : یورپی ویب سائٹ
علاوہ ازیں امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے اینکر اور سکیورٹی امور کے ماہر جم سکیوٹو نے سوشل میڈیا پر بتایاکہ فرانس کے ایک اعلیٰ سطح کے انٹیلی جنس اہلکار نے رافیل طیارہ گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔