پاکستان کی وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس پر بھارت کی سائبر دہشت گردی

بھارت نے پاکستان کی وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس پر سائبر دہشت گرد حملے شروع کردیے ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ کا کہنا ہےکہ بھارت کی جانب سے مختلف وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس پر کیےگئے سائبر حملے پاکستان نے ناکام بنادیے ہیں۔
وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے بتایاکہ بھارت کے سائبر حملوں سے کوئی بہت بڑا مسئلہ نہیں ہوا،ٹیلی کام سیکٹر پر سائبر حملوں کا کوئی اثر نہیں آیا کیوں کہ وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس کی ہوسٹنگ این ٹی سی پر ہے اور این ٹی سی کے پاس سائبر سکیورٹی کا بہترین نظام ہے۔
وزیر آئی ٹی نے بتایاکہ قومی اور صوبائی سطح پر کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز تشکیل دی جا چکی ہیں جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سائبر سکیورٹی کے حوالے سے شہریوں کو آگاہی دےرہی ہیں، کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز کی جانب سے ایڈوائزریاں جاری کی جا رہی ہیں۔
شزہ فاطمہ نے کہاکہ سائبر حملوں سے متعلق این ٹی آئی ایس بی بھی فعال ہے، پاکستان سائبر سکیورٹی کےلحاظ سے ٹاپ ممالک کی فہرست میں شامل ہے جب کہ گزشتہ دو برسوں میں پاکستان سائبر سکیورٹی کے لحاظ سے ٹاپ ٹیئر ممالک میں آیا ہےاور پاکستان کا نام امریکا،برطانیہ اور ان جیسے ممالک کی فہرست میں آیا ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نےکہا کہ سوشل میڈیا پر ہونےوالی جنگ پر پاکستانی نوجوانوں کو داد دیتی ہوں،پاکستانی میمز بناکر پاک بھارت کشیدگی کو انجوائے کررہے ہیں، لوگ سوشل میڈیا پر اتنی کشیدہ صورت حال کو بھی اپنے انداز میں بیان کر رہے ہیں۔
پہلگام واقعہ کی انکوائری کے بغیر منٹوں میں پاکستان پر الزام لگا دیاگیا : عقیل ملک
شزہ فاطمہ نے کہاکہ ہم پاکستانی کسی ڈرنےوالے نہیں ہیں،پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے،پاکستان نے پہلگام واقعے کی مذمت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی سےمتاثر ہے۔