کرونا کیسز میں اضافہ، آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ

آزاد جموں وکشمیر حکومت نے کووڈ 19 کیسز میں دوبارہ اضافہ ہونے کے بعد اصولی طور پر ریاست بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔
مذکورہ فیصلہ مظفر آباد میں وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت ایک اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مظفرآباد اور راولاکوٹ اضلاع میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ لاک ڈاؤن نافذ کے عمل کو یقینی بنائیں اور دو دن کے اندر جامع اور موثر تجاویز پیش کریں۔
اس موقع پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ دنیا کی بڑی معاشی طاقتیں بھی وبائی امراض کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے میں ناکام رہی ہیں جہنوں نے سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا اور تمام وسائل فراہم کیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے محدود وسائل ہیں اور لہذا ہمیں یہ یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے کہ تمام طبقات اصولی طور پر ایس او پیز پر عمل پیرا ہوں۔
علاوہ ازیں آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے داخلی مقامات پر نگرانی بڑھانے کے ساتھ تعلیمی اداروں، دفاتر اور بازاروں میں ایس او پیز کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے ساتھ سیاسی اور سماجی اجتماعات کو بھی محدود کردیا جائے تاکہ وائرس کو روکنے میں مدد ملے۔راجہ فاروق حیدر نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت لوگوں کو درپیش مشکلات سے پوری طرح بچانے کے لیے کوشاں ہے۔آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو یہ یاد دلانے کے لیے ایک نئی مہم چلانے کی ضرورت ہے کہ پابندیوں کا نفاذ اپنے مفاد میں ہے۔انہوں نے مزید کہا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ دوسروں لوگ سبق حاصل کرسکیں۔
اس سے قبل اجلاس کو محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا تھا کہ اے جے کے میں کوویڈ 19 کے مریضوں کا تناسب 8.3 فیصد ہے جو پاکستان کے کسی دوسرے صوبے سے زیادہ ہے۔عہدیداروں کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں اب تک 48 ہزار 396 کے طبی ٹیسٹ میں سے 2 ہزار 816 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔متاثرہ افراد میں سے 76 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 408 صحتیاب ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 312 مریض گھروں میں قرنطیہ ہیں اور 20 مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button