لاہور کی دھند میں جہازوں کی لینڈنگ کیوں نہیں ہو پا رہی؟

لاہور


لاہور کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر دھند کے دوران جہازوں کی لینڈنگ کا سسٹم نصب ہونے کے باوجود پچھلے کئی روز سے بین الاقوامی پروازیں لینڈ نہیں کر پا رہیں اور انہیں دوسرے شہروں کی طرف ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے جس ایئرلائنز کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔

خیال رہے کہ یہ سال کا وہ وقت ہے جب پاکستان کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شامل لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث معمول کی پروازیں چلانا ناممکن ہو جاتا تھا۔ تاہم اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے لاہور ائیرپورٹ پر دھند کے دوران جہاز اتارنے میں مدد دینے والا سسٹم نصب کر دیا گیا تھا۔ لیکن لیکن اس برس یہ سسٹم بھی جواب دے گیا ہے جس سے پاکستان ایئر لائنز سمیت کئی غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازوں کو بھی رستہ بدلنا پر رہا ہے۔ رواں ہفتے بدھ اور جمعرات کے درمیان صرف پی آئی اے کو لاہور سے 17 پروازوں کے لیے رستہ بدلنا پڑا۔ ہر ایک ایسی ’ڈائیورژن‘ کی مد میں ایئر لائن کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

ہوا بازی کے ماہرین کے مطابق کسی بھی جہاز کو شدید دھند میں بھی باحفاظت لینڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے ائیرپورٹ پر ایک خودکار نظام موجود ہونا چاہیے جسے انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم یعنی آئی ایل ایس کہا جاتا ہے۔ آئی ایل ایس جہاز کے آٹو پائلٹ نظام کے ساتھ کام کرتے ہوئے دھند کے دوران جہاز کو باحفاظت لینڈنگ کرواتا ہے۔ تاہم اس کے لیے کیٹیگری تین کا آئی ایل ایس سسٹم درکار ہوتا ہے۔ لاہور کے ہوائی اڈے پر یہ نظام موجود ہے۔ تو سوال یہ ہے کہ پھر دھند کے دوران یہاں پروازیں کیوں نہیں اتر رہیں؟ اور ایئر لائنز کو مالی نقصان اور مسافروں کو دشواری کیوں برداشت کرنی پڑ رہی ہے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے پی آئی اے کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھند والا نظام موجود تو ضرور ہے مگر کام نہیں کر رہا کیونکہ ہوائی اڈوں اور ہوا بازی کے نظام کی نگرانی کے لیے ذمہ دار ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسے کیلیبریٹ نہیں کر رکھا تھا۔

سی اے اے کے ترجمان سیف خان نے بتایا کہ سی اے اے نے لاہور ائیر پورٹ کی کیلیبریشن کا آغاز کر رکھا ہے۔ اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر یہ کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ہوائی اڈوں پر یہ کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ جب ہوائی جہاز کا پائلٹ رن وے کو نہیں دیکھ سکتا تو یہ آئی ایل ایس سسٹم دھند میں جہاز کو لینڈنگ کرواتا ہے۔

Related Articles

Back to top button