افغانستان:4 بم دھماکوں میں 31 افراد جاں بحق ،87 زخمی ہو گئے

افغانستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے بم دھماکوں میں 31 افراد جاں بحق جبکہ 87 زخمی ہوگئے.
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق جمرات کے روز افغانستان بم دھماکوں سے لرز اٹھا ، مختلف شہروں میں ہونیوالے 4 بم دھماکوں کے نتیجے میں 31 افراد جاں بجق جبکہ 87 زخمی ہوگئے. جس کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے.
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں میں مزارشریف کی ایک مسجد میں مرنے والے 10 افراد بھی شامل ہیں، شیعہ مسلک کے ماننے والوں کے خلاف رواں ہفتے ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔ اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان میں بم دھماکوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، تاہم، شدت پسند اسلامک اسٹیٹ گروپ نے اس کے بعد سے کئی حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ اس گروپ نے شمالی افغانستان کے شہر مزار شریف میں آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے، متاثرین کو سہ دوکن مسجد سے ہسپتال لے جایا جانے کی دلخراش تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی، تصاویر میں ٹوٹے ہوئے شیشے دیکھے جا سکتے ہیں۔
افغان صوبے بلخ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ ذبیح اللہ نورانی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کم از کم 25 ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکوں کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب قندوز شہر میں ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔صوبائی پولیس کے ترجمان عبید اللہ عابدی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک سائیکل میں نصب بم تھا جس میں اس ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں طالبان کے فوجی یونٹ کے لیے کام کرنے والے مکینکس سوار تھے۔
خیال رہے کہ ملک کی 3 کروڑ 8 لاکھ آبادی میں سے 10 سے 20 فیصد کے درمیان تعداد رکھنے والی افغانستان کی شیعہ ہزارہ برادری طویل عرصے سے حملوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے، شیعہ ہزارہ برادری پر ہونے والے حملوں میں سے کچھ کا الزام طالبان اورکچھ کا داعش پرلگایا جاتا ہے۔ 2 روز قبل کابل کے ایک شیعہ محلے میں اسکول کے باہر ہونے والے دو دھماکوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور پچیس دیگر زخمی ہوئے تھے۔ رواں ہفتے ہونے والے کسی بھی حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں اقتدار پر قبضے کے بعد سے طالبان نے مشرقی ننگرہار صوبے میں داعش کے مشتبہ ٹھکانوں پر باقاعدگی سے چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں۔ طالبان حکام اصرار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کی سیکیورٹی فورسز نے آئی ایس کو شکست دے دی ہے لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند گروپ ملک کی سیکیورٹی کے لیے اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔ اس دہشت گرد گروپ نے حالیہ برسوں کے دوران افغانستان میں ہونے والے کچھ ہلاکت خیز ترین حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں کابل کے شیعہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں اسکول کے قریب تین بم دھماکوں میں کم از کم 85 افراد ہلاک ہوئے تھے، مرنے والوں میں زیادہ طالبات تھیں، دھماکوں میں 300 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی، تاہم، اکتوبر 2020 میں آئی ایس نے اسی علاقے میں ایک تعلیمی مرکز پر خودکش حملے کا اعتراف کیا تھا جس میں طلبا سمیت 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مئی 2020 میں اس گروپ پر اسی محلے کے ایک ہسپتال کے زچگی وارڈ پر حملے کا الزام لگایا گیا تھا، حملے میں خواتین مریضوں سمیت 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Related Articles

Back to top button