امریکی اولمپک گولڈ میڈلسٹ کے بد لے روسی اسلحہ ڈیلر رہا

امریکہ نے  اپنےاولمپک گولڈ میڈلسٹ، باسکٹ بال اسٹار برٹنی گرائنر کے بدلے روسی سابق اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کو رہا کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس  کے مطابق  قیدیوں کا تبادلہ ابوظبی ائرپورٹ پر ہوا، دونوں ممالک کے  مابین قیدیوں کا تبادلہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران دوسری بار ہوا ہے۔ واضح رہے کہ روس کی یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکا کے ساتھ کشیدگی بھی جاری ہے۔

رپورٹس  میں بتایا گیا کہ  قیدیوں کے تبادلے سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹوئٹر کے ذریعے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وہ طیارے میں محفوظ ہیں اور اپنے وطن واپس لوٹ رہی ہیں۔ امریکی کانگریس کے ارکان، کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے برٹنی گرائنر کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ادھرروس نے قیدیوں کے تبادلے کی تصدیق کردی ہے۔ اس سلسلے میں روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں وکٹر بوٹ  کے پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔عالمی میڈیا پر جاری ویڈیوز میں گرائنر کو روسی طیارےسے ابوظبی کے ائرپورٹ پر اترتے  ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں امریکی حکام ان کا استقبال کررہے ہیں۔دریں اثنا روسی حکام موت کے سوداگر کے نام سے مشہور وکٹر بوٹ کا استقبال کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین قیدیوں کا تبادلہ اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی کوششوں کے بعد ممکن ہوا ہے تاہم وائٹ ہاؤس نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رہائی واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان بات چیت کا نتیجہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرن ژاں  نے کہا ہے کہ امریکی باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرائنر کی رہائی صرف روس اور امریکا کے درمیان بات چیت سے ممکن ہوئی۔ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق مذاکرات میں صرف امریکا اور روس ہی شامل تھے، اس معاملے میں کسی کی ثالثی شامل نہیں تھی۔

Related Articles

Back to top button