امریکی سینیٹ کے کنٹرول کا انحصار اب ایک نشست کے نتیجے پر

ایریزونا سے ڈیموکریٹ امیدوار مارک کیلی ایک سخت مقابلے کے بعد اپنے حریف ری پبلکن پارٹی کے بلیک ماسٹرز کو ہرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، اب جو بائیڈن کی ڈیموکریٹ پارٹی امریکی سینیٹ کا کنٹرول برقرار رکھنے سے صرف ایک نشست کی دوری پر ہے۔

ڈیموکریٹس کی امیدیں اب نیواڈا ریاست کی نشست پر سینیٹر کیتھرین کورٹز مسٹو اور ری پبلکن امیدوار ایڈم لیگزالٹ کے درمیان مقابلے کے مکمل نتائج کے اعلان سے وابستہ ہیں۔اس نشست پر جمعے تک ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے امیدوار کو معمولی برتری حاصل تھی تاہم یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ حتمی نتائج میں ہار جائیں گے۔

اگر نیواڈا میں ری پبلکن امیدوار جیت جاتے ہیں تو سینیٹ کا کنٹرول 6 دسمبر کو جارجیا میں ہونے والے رن آف الیکشن تک دونوں جماعتوں کے درمیان برابر رہے گا۔جارجیا میں ڈیموکریٹ سینیٹر رافیل وارنوک اور ری پبلکن امیدوار ہرشل والکر کے درمیان مقابلہ ہوگا جو ایک سابق فٹبال سٹار ہیں۔
ایریزونا میں مارک کیلی کو اپنی پارٹی کے سب سے زیادہ کمزور امیدواروں میں سے ایک کے طور پر دیکھا جا رہا تھا تاہم وہ نیشنل ڈیموکریٹس اور کچھ اعلیٰ ریاستی ری پبلکنز کی حمایت سے فتح حاصل کر چکے ہیں۔ اُن کے حامیوں نے امریکی جمہوریت کے تحفظ کے لیے مارک کیلی کی کامیابی کو ضروری قرار دیا تھا۔

بلیک ماسٹرز کو ایک وینچر کیپیٹلسٹ اور سیاسی نووارد سمجھا جاتا ہے جنہوں نے سابق صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کے اس دعوے کو قبول کرتے ہوئے کہ 2020 کے انتخابات چوری ہو گئے تھے، سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔وہ ٹیکنالوجی کے کاروبار سے وابستہ ارب پتی پیٹر تھیل کی حمایت سے ایریزونا کی سیاست میں آئے جنہوں نے لاکھوں ڈالر انتخابی مہم پر خرچ کیے۔

Related Articles

Back to top button