سینیگال کے ہسپتال میں آتشزدگی کے سبب11 نومولود جاں بحق
براعظم افریقہ کے ملک سینیگال کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 11 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ سینیگال کے علاقے تیفوان میں پیش آیا اور اس سانحے کے بعد مقامی افراد میں اشتعال کی لہر دوڑ گئی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سینیگال کے وزیر صحت عبداللہ دیوف نے ابتدائی تحقیقات کے نتائج کے بارے میں مقامی میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آگ لگی۔
انکا کہنا تھا یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے اور اس واقعےکی تحقیقات جاری ہے، جبکہ وہ عالمی ادارہ صحت کی کانفرنس کو ادھوری چھوڑ کر فوری طور پر جنیوا سے سینیگال لوٹ رہے ہیں۔
سینیگال کے علاقے تیفوان کے میئر دما ڈیوپ نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد 3 بچوں کو بچایا گیا، مگر زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔
سینیگال کے صدر میکی سال نے ایک ٹوئٹ میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ اس اسپتال کا افتتاح حال ہی میں ہوا تھا۔