طالبان حکومت کا ایئر پورٹس چلانے کیلئے امارات سے معاہدے کاعندیہ

افغانستان کی طالبان حکومت نے ملک کے تمام ایئرپورٹس کو آپریشنل کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات سے معاہدہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے کی رپورٹ کےمطابق طالبان حکومت نے گزشتہ برس اگست کے وسط میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ملک کے ایئرپورٹس کو آپریشنل کرنے کے لیے قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بات چیت جاری رکھی ہوئی تھی، تاہم اب طالبان حکومت کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ملکی ایئرپورٹ کی بحالی کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت یو اے ای ایئرپورٹ کے زمینی انتظامات دیکھے گا۔

رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم نے یواے ای کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ اور یہ بھی نہیں بتایا کہ متحدہ عرب امارات ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کس کے پاس ہوگی کیوں کہ طالبان ہوائی اڈے کی سکیورٹی کے لیے کافی حساس ہیں۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے طالبان کے اس بیان پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ قطر اور ترکی کی جانب سے افغانستان کے ایئرپورٹس کی بحالی کی کے لیے ٹیکنیکل معاونت کے لیے ٹیمیں بھی بھیجی تھیں۔

Related Articles

Back to top button