امریکہ کا نئی پاکستانی حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کا اعلان

امریکہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے نئی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کا اظہار کیا ہے، ترجمان محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے بتایا کہ نئی حکومت سے قریبی تعلق کے خواہاں ہیں۔
سینئرامریکی عہدیدار نے یہ بیان آج پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں دیا، تقریباً 75 سالوں سے پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اہم رہے ہیں، ہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے پاکستان میں نئی ​​حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔
نیڈ‌پرائس نے کہا کہ یہ کام پاکستان اور پورے خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، نئے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دے چکے ہیں اور ہم ان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
انھوں نے مبینہ پاکستانی فضائی حملوں پر سوال کے جواب میں کہا کہ ہم افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں کی رپورٹس سے واقف ہیں، لیکن چاہیں گے کہ تبصرے کیلئے پاکستانی حکومت سے رابطہ کریں، امریکا، پاکستان کو ایک ’اہم اسٹیک ہولڈر اور پارٹنر‘ کے طور پر دیکھتا ہے جس کے ساتھ مل کر امریکا ایک مستحکم اور محفوظ افغانستان کے قیام کے لیے مصروف عمل ہے۔
نیڈ پرائس کے مطابق ایک ایسا افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو اقلیتوں، خواتین اور لڑکیوں سمیت اپنے تمام لوگوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرتا ہے، افغانستان کی وزارت خارجہ نے خوست اور کنڑ صوبے میں حالیہ مبینہ حملوں پر کابل میں پاکستان کے سفیر کو طلب کیا تھا اور اسلام آباد تک پہنچانے کے لیے ایک سفارتی مراسلہ بھی دیا تھا۔

Related Articles

Back to top button