بورس جانس نے برطانوی وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے آئینی بحران اور سیاسی دباؤ میں اضافے پر کنزرویٹو پارٹی کی قیادت اور وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

لندن میں پریس کانفرنس کے دوران بورس جانس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگلے وزیراعظم کے انتخاب تک وہ کام کرتے رہیں گے، نئے سربراہ کے انتخاب کا عمل اب شروع ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہااب یہ واضح ہے کنزرویٹو پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کو نیا لیڈر منتخب کرنا ہوگا تاکہ نیا وزیراعظم بھی منتخب ہو، میں نے نئی کابینہ تشکیل دے دی ہے کیونکہ میں نئے وزیراعظم کے انتخاب تک کام جاری رکھوں گا۔

ادھر کنزرویٹو پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین جسٹن ٹوم لنسن نے ٹوئٹر پر کہا کہ ان کا استعفیٰ ناگزیر تھا، بطور پارٹی ہمیں طوری طور پر متحد ہونے اور معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے،کئی حوالوں سے یہ ہمارے لیے اہم حالات ہیں، کنزرویٹو پارٹی کو اب نیا لیڈر کا انتخاب کرنا ہوگا اور اس عمل کے لیے کئی ہفتے اور مہینے بھی لگ سکتے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں سیاسی بحران کے شدت اختیار کرنے کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن آج متوقع طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے اور وہ اس حوالے سے بیان بھی جاری کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرزنے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے پولیٹیکل ایڈیٹر کرس میسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بورس جانسن، کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔

واضح رہے کہ بورس جانسن پر گزشتہ چند دنوں سے استعفے کے لیے دباؤ تھا اور اہم وزرا کی جانب سے استعفوں اور عوام اور اپوزیشن کے مطالبے کے باوجود انہوں نےعہدہ چھوڑنے سے انکار کیا تھا، انہوں نے دو دن قبل جس شخص کا وزیر خزانہ کے عہدے پر تقرر کیا تھا، اسی نے جمعرات کو انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔

اس کے علاوہ سیکریٹری دفاع بین ویلس نے بھی بورس جانسن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا لیکن ساتھ ساتھ اس بات کے عزم کا بھی اعادہ کیا تھا کہ وہ اپنے عہدے پر فائز رہیں گے تاکہ وہ ملکی سیکیورٹی برقرار رکھ سکیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند گھنٹے کے دوران دو سیکریٹری اسٹیٹ سمیت 8 وزرا کے استعفوں کے بعد اختیارات سے محروم بورس جانسن کے لیے استعفیٰ دینا ناگزیر ہو گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button