اداکارہ شبانہ اعظمی کا مسکان کی جرات کو سلام

اداکارہ شبانہ اعظمی بھی بھارتی انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹنے والی کرناٹک کی طالبہ مسکان کی حمایت میں بول پڑیں، انتہاپسندوں کو انہیں کی زبان میں جواب دینے کی ہدایت کر دی۔
کرناٹک کے کالج میں پیش آنے والے واقعے میں مسلم طالبہ کو ہندو انتہا پسندوں کے جتھے نے ہراساں کیا جس پر لڑکی نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جبکہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اس پر ردعمل دیا۔
طالبہ مسکان کی حمایت میں اس سے قبل بھی کئی بالی وڈ اداکارائیں اور سیاستدان سامنے آچکے ہیں تاہم اب بھارت کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے مسکان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ردعمل کا اظہار کیا اور بھارتی جھنڈے کا حجاب بنانے کی تجویز دیدی۔
مسکان نے بتا دیا حجاب اسلامی اقدار ہے
شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ کیوں نا انتہا پسندوں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے، کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی کا کہنا تھا کہ حجاب ہو، گھونگھٹ یا جینز ، خواتین کو اپنی مرضی کے کپڑے پہننے کا اختیار حاصل ہے۔
دوسری جانب طالبہ مسکان کے حق میں ممبئی کی خواتین نے بھی مظاہرہ کیا ہے، خیال رہے کہ کرناٹک ہائیکورٹ نے یہ معاملہ لارجر بینچ کو بھیج دیا ہے جس کے بعد حجاب پر عارضی ریلیف کا معاملہ بھی لارجر بینچ دیکھے گی۔