امریکا میں ڈرائیور نے تارکین وطن پر گاڑی چڑھا دی، 7 افراد ہلاک

امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈرائیور نے  پناہ گاہ کے قریب تارکین وطن پر تیز رفتار گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ دس سے زائد زخمی ہو گئے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق واقعہ ٹیکساس کے سرحدی شہر براؤنز ول میں بے گھر تارکین وطن کو مفت رہائش فراہم کرنے کیلئے نجی تنظیم کی جانب سے قائم بشپ اینرک اوزینم سینٹر کے سامنے بس اسٹینڈ پر پیش آیا۔

اوزینم سینٹر کے ڈائریکٹر وکٹر ملڈوناڈو کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی تارکین وطن کا تعلق وینزویلا سے تھا اور یہ لوگ چند روز قبل ہی پناہ گاہ پر رہائش کیلئے آئے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیکر ڈرائیونگ میں لاپرواہی کے الزامات کے تحت تفیتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم کے خون کے نمونے بھی لیے گئے ہیں تاکہ اس کی جانب سے دوران ڈرائیونگ نشہ آور مادوں کے استعمال کا پتا چلایا جا سکے۔

حکام کا کہنا تھا کہ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ واقعہ دانستہ تارکین وطن کو ٹارگیٹ کرنے کے نتیجے میں پیش آیا تھا یا یہ ایک حادثہ تھا، بارڈر پیٹرول ہلاک شدگان کی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  ٹیکساس کے شہر الین کے شاپنگ مال میں فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

واقعے سے متعلق حکام کا کہنا تھا کہ شاپنگ مال میں فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریب موجود پولیس اہلکار مال میں پہنچا اور حملہ آور کو گولی ماردی تاہم حملے کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔

 

Related Articles

Back to top button