سعودی سوشل میڈیاسٹار عزيزالاسمرانتقال کرگئے

سعودی عرب کے معروف سوشل میڈیا، یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر عزيز الاسمر المعروف ’عزيز القزم‘ انتقال کر گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عزيز الاسمر المعروف ’عزيز القزم‘ کو نہ صرف پستہ قد بلکہ اپنی ٹاک ٹاک اور یوٹیوب ویڈیوز کی وجہ سے بھی دنیا بھر میں شہرت حاصل تھی اور آخری چند سال میں انہوں نے دنیا بھر میں کافی مقبولیت حاصل کی۔ عزيز الاسمر کو ان کے پستہ قد کی وجہ سے ’عزيز القزم‘ یعنی بونا عزیز کہا جاتا تھا اور انہیں اپنی مزاحیہ ویڈیوز بنانے کی وجہ سے پورے مشرق وسطیٰ میں شہرت حاصل تھی، تاہم وہ مسلمان ممالک میں بھی یکساں طور پر مقبول تھے۔

رپورٹس کے مطابق عزيز الاسمر المعروف ’عزيز القزم‘ 1995 میں سعودیہ کے دارالحکومت ریاض میں پیدا ہوئے اور ان کی عمر 27 سال تھی،عزیز الاسمر پیدائشی طور پر جینیاتی اور ہارمونز کی بیماری میں مبتلا تھے، جس وجہ سے ان کا قد اور وزن بھی نہیں بڑھ پایا،انہوں نے چند سال قبل دوسرے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا اسٹارز کے ساتھ ویڈیوز بنانا شروع کی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مواد شیئر کرنا شروع کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی شہرت کو دیکھتے ہوئے ان کے نام سے درجنوں جعلی اکاؤنٹس بھی بنائے گئے اور ان کے اوریجنل اکاؤنٹس سے مواد کو اٹھاکر ان کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹس پر شیئر کیا جاتا رہا،ان کو مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں ہونے والی شوبز تقریبات سمیت دیگر تقریبات میں مدعو کیا جتا تھا اور آخری چند سال میں وہ دنیا کے مختلف ممالک میں اہلیہ کے ہمراہ تقریبات میں شرکت کرتے رہے۔

رپورٹس کے مطابق عزیز الاسمر نے لبنانی نژاد حسینہ، فیشن ڈیزائنر اور سوشل میڈیا اسٹار سے شادی کی تھی، جنہیں اکثر ان کے ساتھ دیکھا جاتا تھا،دونوں نے خاموشی سے شادی کرلی تھی، تاہم جب ان کی اہلیہ جینیفر حاملہ ہوئیں تو انہیں ایک ویڈیو کے ذریعے شادی کا اعتراف کیا۔عزیز الاسمر کو ایک بیٹا بھی تھا اور وہ اپنے بیٹے اور اہلیہ کے ہمراہ ویڈیوز کو شیئر کیا کرتے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق  عزیز الاسمر دو ہفتوں سے علیل تھے، انہیں ریاض کے مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ گزشتہ ہفتے خالق حقیقی سے جا ملے،عزیز الاسمر 19 جنوری کو فانی دنیا سے رخصت ہوئے، ان کے انتقال پر مشرق وسطیٰ کی معروف شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے بھی اظہار افسوس کیا۔انتقال سے ایک روز قبل انہوں نے ہسپتال کے بستر پر تمام مداحوں کو ایک ویڈیو کے ذریعے پیغام دیا تھا کہ وہ تمام مداحوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اب وہ صحت مند ہو رہے ہیں لیکن وہ ایک دن بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔

وزیراعظم کی نگران وزیراعلیٰ بننے پر محسن نقوی کو مبارکباد

Related Articles

Back to top button