ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے : پاکستان

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور اسرائیل کا حالیہ حملہ کھلی جارحیت،عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور مشرق وسطیٰ کو ایک بڑی جنگ کی جانب دھکیلنے کی کوشش ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران پر اسرائیل کے غیر قانونی حملے کی مذمت کرتا ہے۔

عاصم افتخار نے کہاکہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور اسرائیلی حملہ ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ اسرائیلی حملے امن،سلامتی اور استحکام کےلیے سنگین خطرہ ہیں اور اسرائیل کی جانب سے خود مختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جا رہی ہیں۔

اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، ایرانی حکومت سے یکجہتی کا اظہار

خیال رہےکہ ایران نے ڈیڑھ سو سے زائد میزائل داغ کر اسرائیل کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی اور آپریشن وعدہ صادق سوم کے نام سے کی گئی اس کارروائی میں ایک گھنٹے میں تین وقفوں کے ساتھ ڈیڑھ سو سے 2 سو میزائل اسرائیل پر داغے گئے۔

ایرانی میڈیا کےمطابق جن اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایاگیا ان میں اسرائیل کے فوجی اڈے،قومی سلامتی کی وزارت بھی شامل ہے،ایرانی حملوں میں کم سے کم 63 افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ایرانی خفیہ ایجنسی کے مطابق نیواتم ائیربیس پر حملے میں کئی اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔

Back to top button