اسحٰق ڈار کی افغان وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات، سکیورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

دورہ افغانستان کے دوران وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند زاد اور افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل میں پاک افغان مذاکرات کے دوران وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے افغان عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوندزاد سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی،تجارت،ٹرانزٹ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں عوامی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کےلیے اعلیٰ سطح تبادلوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے

قبل ازیں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد نے افغان حکام کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کی۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے افغان ہم منصب امیر متقی سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کابل روانگی سے قبل اسحٰق ڈار کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کا معاملہ پاکستان کےلیے باعث تشویش ہے، افغانستان کےساتھ سکیورٹی ایشوز پر تحفظات ہیں، ہمارے لیے پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت انتہائی اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کی بہتری چاہتےہیں، پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاشی و اقتصادی اور تجارتی شعبے میں بےپناہ مواقع موجود ہیں جو پوری طرح استعمال نہیں ہو رہے۔

Back to top button