صدرمملکت کی تبدیلی کی خبرکوصرف افواہ کہناکافی ہے،راناثنااللہ

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت کی تبدیلی سے متعلق خبروں کی تردید کرنا غیر ضروری تھا، ایسی خبروں کو افواہ کہنا ہی کافی ہے۔
راناثنااللہ کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہنا تھا کہ صدر کی تبدیلی کی خبر کے پیچھے لگتا ہے کہ کوئی بیرونی ایجنسی یا غیر ملکی عناصر کا ہاتھ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے اور نہ ہی ان کی یہ خواہش ہے کہ وہ وفاقی کابینہ کا حصہ بنے۔ جب کابینہ میں توسیع ہوئی، اس وقت کچھ امکانات تھے کہ پیپلز پارٹی شامل ہو سکتی ہے، لیکن اب ایسا کوئی امکان نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت اور جو نظام قائم ہے، اسی کو چلنا ہے۔ اگر اس نظام میں کوئی خلل آیا تو پورا سسٹم متاثر ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی پاکستان آمد پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اگر وہ صرف اپنے والد سے ملنے آ رہے ہیں تو یہ ان کا قانونی و انسانی حق ہے، اور اگر وہ کسی سیاسی سرگرمی یا تحریک کا حصہ بنتے ہیں تو یہ بھی ان کا جمہوری حق ہے۔
تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی سیاست کرے یا تحریک چلائے، اسے نتائج کا سامنا بھی کرنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی سیاست میں گرفتاری ایک عام بات ہے۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیتے، وہ محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ موروثی سیاست کی مخالفت موجودہ حکومت نہیں بلکہ خود بانی پی ٹی آئی کیا کرتے تھے۔
