چیف جسٹس نہ ہونے پر کسی سے شکوہ نہیں : جسٹس منصور علی شاہ

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہےکہ مجھے کسی سے کوئی شکوہ نہیں کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں،سینئر جج ہونےپر خوش ہوں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتےہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ میں اس وقت سینئر پیونی جج ہوں اور اس میں ہی خوش ہوں،مجھے کوئی شکوہ نہیں کسی سےکہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں،
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کےبعد سب سے سینئر جج کو پیونی جج کہا جاتاہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کا کہنا تھا کہ اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان بہت اچھے ہیں ان کےلیے دعاگو ہوں۔
تقریب سے خطاب میں جسٹس منصور علی شاہ کا مزید کہنا تھاکہ حلف صرف الفاظ نہیں ہے،یہ بہت گہرےمعنی رکھتے ہیں،اس کے ذریعے ہم اپنی روح پر ایک ذمےداری عائد کر رہے ہیں کہ ہم انصاف،سچائی اور قانون کی حکمرانی کا کام کرنا ہے،ہم ایک پابندی کا حلف اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حلف صرف آپس کی بات نہیں ہوتی،اس میں اللہ تعالیٰ بھی شامل ہے کیوں کہ اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر حلف لیا جاتا ہے،یہ حلف ایک سمت نما ہے جو بتاتا ہےکہ مشکل صورت حال کا کیسے سامناکرنا ہے،انہوں نے مشورہ دیاکہ جب بھی مشکل پیش آئے،حلف پڑھ لیاکریں تو سارے معاملے حل ہو جائیں گے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ حلف صرف ایک وعدہ نہیں ہے،یہ بہت مقدس عہد ہےجو آپ نے اللہ کو حاضر و ناظر جانتےہوئے اپنے ضمیر کے ساتھ کیاہے، اس کو توڑنا نہیں ہے،اگر حلف توڑتےہیں تو سارا نظام ہی ٹوٹ جاتا ہے، اگر حلف کےساتھ کھڑے رہیں تو کبھی کوئی مسئلہ نہیں آئےگا۔
جسٹس منصور علی شاہ نےکہاکہ لارڈ اسٹامس مور نے اپنی ناول میں لکھا ہےکہ حلف ایسے ہی ہے جسے ہاتھ میں پانی لےکر کھڑے ہیں، حلف کو سنبھالنا ہے تو پھر ہاتھ نہیں کھولنا اسی طرح رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کا شعبہ علم و دانش سے تو تعلق رکھتا ہی ہے،علم و دانش تو ہونی ہی چاہیے لیکن اگر جرات نہیں ہے تو پھر وکیل نہ بنیں،جرات ہی اصل کہانی ہے۔
عمران خان کی کال پر 8 فروری کو صوابی میں جلسہ ہوگا : جنید اکبر خان
جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ آپ پر دباؤ آئےگا،لالچ دی جائےگی،بہت سی چیزیں ہوں گی لیکن حلف کو نہیں چھوڑنا۔
اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے شاعر مشرق علامہ اقبال کا مشہور زمانہ شعر بھی پڑھا کہ
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور
قبل ازیں، جسٹس منصور علی شاہ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا، اس موقع پر وکلا نے جسٹس منصور علی شاہ کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔