خیبرپختونخوا : کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 157 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے اب تک 157 افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوچکے ہیں، جب کہ متعدد مکانات تباہ ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق صرف بونیر میں 80 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 16 افراد زخمی بھی ہوئے، جب کہ 35 مکانات کو نقصان پہنچا،جن میں 28 جزوی طور پر اور 7 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کیاگیا تھا اور اب تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے، متاثرین کو ریلیف دینے اور بند شاہراہوں کی بحالی کےلیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی سی بونیر کاشف قیوم کےمطابق پیر بابا اور ملحقہ علاقوں میں شدید سیلابی صورت حال ہے، متعدد شہری گھروں کی چھتوں پر پناہ لیےہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونےوالوں میں 37 مرد، 25 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔ پیر بابا بازار اور قریبی محلہ زیرِ آب آچکے ہیں،کئی مویشی ہلاک اور پیر بابا پولیس اسٹیشن بھی پانی میں ڈوب گیا۔
باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں کلاؤڈ برسٹ اور آسمانی بجلی گرنے سے 21 افراد جاں بحق ہوئے،جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔لینڈ سلائیڈنگ سے 7 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔فرنٹیئر کور نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے خیمے اور ضروری سامان پہنچایا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
بٹگرام کے علاقے نیل بند گاؤں میں بادل پھٹنے سے 12 اموات ہوئیں اور 10 افراد لاپتہ ہیں۔بارش اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔
مانسہرہ میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 26 افراد جاں بحق ہوئے،بٹل پولیس اسٹیشن کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے 15 مکانات تباہ اور 35 افراد ملبے تلے دب گئے۔
لوئر دیر کی تحصیل لعل قلعہ میدان کے گاؤں سوری پاؤ میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
امدادی سرگرمیوں میں مصروف خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 3 افراد شہید
سوات اور باجوڑ سمیت متاثرہ اضلاع میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے، متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے راشن و ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بروقت امداد پر پاک فوج کے اقدامات کو سراہا۔
