خیبر پختونخوا اسمبلی : ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد حکومتی رکن عبدالسلام آفریدی نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

مذمتی قرارداد میں کہاگیا ہےکہ اسرائیل کا حملہ اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،دنیا اور امت مسلمہ گزشتہ دو سال سے غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی دیکھ رہی ہے۔

قرارداد میں کہاگیا ہےکہ اسرائیل کی ایران پر جارحیت کی بھرپور مذمت کرتےہیں،ایرانی اور فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑےہیں۔

قرارداد میں کہاگیا ہےکہ ایران کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتےہیں۔

واضح رہےکہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیاجس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کےسربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔

اسرائیل نے حملےمیں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا ہے جب کہ ایرانی میڈیا کےمطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔

Back to top button