آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اہم تقرریاں اور تبادلے کر دیئے

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی پاک فوج میں تقرریوں اور تبادلوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو نیا چیف آف جنرل سٹاف بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ عہدہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کی جانب سے وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ لینے پر خالی ہوا تھا۔ اسکے علاوہ حال ہی میں فوج سے فارغ کیے جانے والے بہاولپور کے متنازع کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ثاقب ملک کو بہاولپور کا نیا کور کمانڈر تعینات کیا جا رہا ہے۔ موجودہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کو کور کمانڈر کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ میجر جنرل احمد شریف ان کی جگہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ جنرل ساحر شمشاد کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف چیف آف سٹاف بننے پر خالی ہوا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو نیا کوارٹر ماسٹر جنرل لگایا جارہا ہے یہ عہدہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اوپر جانے سے خالی ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا کو چیف آف لاجسٹک سٹاف لگایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ میجر جنرل شہباز کو بطور لیفٹیننٹ جنرل ترقی دے کر کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button