بشریٰ بی بی کی لیکڈ آڈیو کی تحقیقات کیلئے عدالت سے رابطہ


اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور تحریک انصاف کے سوشل میڈیا سربراہ ارسلان خالد کی لیک ہونے والی اس آڈیو گفتگو کی تحقیقات کیلئے درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں سابقہ خاتون اول عمران خان اور اپنے سیاسی مخالفین پر غداری کے الزام لگانے کی ہدایات جاری کر رہی ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آڈیو لیک کے دونوں کرداروں بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کو عدالت میں طلب کرکے آڈیو سے متعلق باز پرس کی جائے۔

درخواست محمد آصف گجر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کرے اور آڈیو درست ثابت ہونے پر دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ ان ہدایات کے بعد فوج اور اسکی قیادت کے خلاف سوشل میڈیا پر غداری کا ٹرینڈ چلا دیا گیا تھا۔ درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، چیئرمین پیمرا اور پی آئی ڈی کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے، انٹیلی جنس بیورو اور سٹیٹ بینک کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے آڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ آڈیو لیک کرنے سے افراد کی نجی زندگی میں مداخلت کی گئی، اس سے پاکستان کی کلچرل، سوشل اور بین الاقوامی ساکھ متاثر ہوئی، آڈیو لیک کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ہیڈ کو براہ راست ہدایات دے رہی تھیں کہ کیسے انہوں نے عمران خان کے سیاسی مخالفین کیخلاف ٹرینڈ چلانے ہیں اور ان کو غدار ثابت کرنا ہے۔ اس آڈیو لیک میں سنا جا سکتا ہے کہ بشریٰ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد کو ہدایات دے رہی ہیں کہ سیاسی مخالفین کے خلاف غداری کا بیانیہ کیسے بنانا ہے اور عمران خان کو کیسے بچانا ہے۔ اس لیکڈ آڈیو میں بشریٰ یہ ہدایات بھی دے رہی ہیں کہ سازشی خط کا معاملہ زیادہ اٹھائو، اور سب مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کردو، علیم خان اور دوسرے جو بات کریں ان پر غداری کا بیانیہ چلائو۔ آج آپ نے روس کا معاملہ اٹھانا ہے۔ اسے بھی غداری سے لنک کرو۔

بشریٰ بی بی نے ارسلان خالد کو ہدایات دیں کہ خان صاحب نے آپ سے کہا تھا کہ غداری کا ہیش ٹیگ چلانا ہے لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا۔ مجھے لوگوں کے فون آ رہے ہیں کہ آپ کا سوشل میڈیا تو بہت ایکٹو تھا، اب اس کو آخر کیا ہو گیا ہے۔ انہوں نے ارسلان خالد سے پوچھا کہ بیٹا آخر ایسا کیوں ہے؟ آپ لوگوں کو تو آج کل بہت زیادہ ایکٹو ہونا چاہیے۔ علیم خان اور اس جیسے دیگر لوگ میڈیا پر آ کر میرے اور خان صاحب کے بارے میں بہت باتیں کریں گے۔ لیکن آپ نے ان سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے۔ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں کہ میرے ساتھ جو بچی فرح خان ہوتی ہے، اس کیخلاف بھی بہت لوگ بولیں گے لیکن آپ نے ان سب کو غداری سے لنک کر دینا ہے۔

Related Articles

Back to top button