تحریک انصاف کا ق لیگ کے تمام تحفظات دورکرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے اتحادی جماعت (ق) لیگ کے تحفظات دور کرنے اورطے شدہ معاملات پر عملدرآمد کرکے ساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ کیاہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر چوہدری سرور، پرویز خٹک، اسد عمر اور شفقت محمود شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق شفقت محمودنے مشاورتی اجلاس میں چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات پر بریف کیا جس کے بعد اتحادیوں کے ساتھ معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتحادیوں سے طے شدہ معاملات پر عملدرآمد ہوگا اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے جب کہ مذاکراتی کمیٹی نے اتحادی جماعت (ق) لیگ کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے اور مشاورت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اتحاد بھی رہےگا اور اتحادی بھی قدم بہ قدم ساتھ چلیں گے، مسلم لیگ (ق) کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے، اتحادی جماعت سے ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور اتحاد آگے بڑھے گا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) سے تعلقات مزید بہتر بنائیں گے، ہمارا اتحاد ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے جو برقرار رہے گا۔ کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جو آس لگا کر بیٹھے ہیں انہیں مایوسی ہی ملے گی، اتحادی اور ہم ایک ہیں، ایک رہیں گے، ہماری ورکنگ ریلیشن مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہم مل کر عوام کے مسائل حل کریں گے، اتحادیوں کے ساتھ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کر لیے جائیں گے۔جبکہ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ (ق) لیگ کے تحفظات دور کریں گے اور تعاون جاری رہے گا، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، جہاں کوئی مسئلہ ہے اسے مل بیٹھ کر حل کر لیا جائے گا اور اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button