عمران کی چیف الیکشن کمشنر سے ملنے کی کوشش ناکام


صبح شام چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر الزامات کی بوچھاڑ کرنے والے عمران خان کے بارے میں اب یہ معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے فارن فنڈنگ کیس کے سلسلے میں کئی مرتبہ سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی کوشش کی تاکہ کوئی یقین دہانی حاصل کرسکیں لیکن چیف الیکشن کمشنر ان سے ملنے سے انکاری رہے، جس کے بعد موصوف نے اپنی توپوں کا رخ ان کی جانب کر دیا اور طرح طرح کے الزامات لگانے شروع کر دیئے۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار انصار عباسی کی ایک رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان نے تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا لیکن بار بار کی کوششوں کے باوجود مثبت جواب نہ مل پایا۔ ان ملاقاتوں کی کوشش عمران خان نے وزارت عظمی کے دوران بھی کی اور پھر اپنی فراغت کے بعد بھی تاکہ اپنا سیاسی مستقبل بچایا جا سکے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ عمران بنیادی طور پر فارن فنڈنگ کیس بارے یقین دہانی حاصل کرنا چاہتے تھے جسکا فیصلہ اب محفوظ ہو چکا یے اور کسی بھی وقت سنایا جا سکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران کی جانب سے سکندر سلطان راجہ پر مریم نواز اور حمزہ شہباز سے خفیہ ملاقاتوں کرنے کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے کیونکہ وہ زندگی میں ان دونوں رہنماؤں سے کبھی نہیں ملے۔ ان کے مطابق عمران بھی اس حقیقت سے آشنا ہیں لیکن حسب سابق اس جھوٹ کو اتنا زیادہ پھیلا رہے ہیں کہ لوگ اسے سچ سمجھنا شروع کر دیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ خفیہ ملاقاتوں کا جھوٹا الزام لگانے والے عمران خود راجہ صاحب کو خفیہ ملاقات کیلئے پیغام بھجواتے رہے ہیں لیکن چیف الیکشن کمشنر نے جواب میں کہہ دیا تھا کہ وہ خفیہ ملاقات نہیں کر سکتے کیونکہ عمران کی جماعت کا کیس ان کے پاس چل رہا ہے۔

انصار عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر ایسے شخص نہیں جو کسی طاقتعر شخص یا سیاسی جماعت کے دباؤ میں آ جائیں گے اعر اپنے خلاف پھیلائے جانے والے جھوٹ پر دفاعی حکمت عملی اختیار کر لیں گے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے ضمنی الیکشن کی حالیہ مہم کے دوران عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے متعدد مرتبہ چیف الیکشن کمشنر پر حمزہ شہباز اور مریم نواز کے ساتھ لاہور میں خفیہ ملاقات کا الزام عائد کیا ہے۔ لیکن خود سکندر سلطان تسلیم کرتے ہیں کہ انکی زندگی میں کبھی حمزہ یا مریم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ سکندر سلطان کبھی کبھار لاہور جاتے ہیں لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ اُن کے اہل خانہ وہاں رہتے ہیں، اور وہ ان کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے جاتے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان مسلسل یہ جھوٹ پھیلا رہے ہیں کہ سکندر سلطان راجہ ہر ہفتے لاہور جا کر مریم اور حمزہ سے ملاقاتیں کرتے ہیں، تاہم خان صاحب یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو حمزہ اور مریم سے ملاقاتوں کی کیا ضرورت ہے جب کہ وہ ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور انہیں ہٹایا بھی نہیں جاسکتا۔

ذرائع کا کہنا یے کہ عمران کی جانب سے جان بوجھ کر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے تاکہ انہیں متنازعہ بنا کر پیش کیا جا سکے۔ یہ مہم اسلئے شروع کی گئی ہے کیونکہ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، عمران ممکنہ طور پر اپنی خلاف فیصلہ آنے کی صورت میں یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر پہلے ہی ان کے خلاف ہیں، لیکن سکندر سلطان راجہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی صورت دباؤ میں نہیں آئے گا اور میرٹ پر فیصلہ دے گا۔ 

Related Articles

Back to top button