وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ کراچی میں وزیراعلی ہاؤس سندھ میں اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں لیگی رہنما کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کے ساتھ پیش آنے والے تضحیک آمیز واقعے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سندھ حکومت اور تمام ادارے آپ کے ساتھ ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو گلشن اقبال میں دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کےلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، پولیس آزادانہ اور غیر جانبدار طریقے سے اپنا کام جاری رکھے، حکومت سندھ نے پولیس کو ہمیشہ آزادانہ کام کرنے کی ہدایت کی ہے، سندھ حکومت پولیس کے باقی معاملات کو خود دیکھے گی، پولیس کے کسی صورت حوصلے پست نہیں ہونے دیں گے۔ پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کا ہر مرحلے پر رہنمائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے دباؤ ڈالے جانے، گھر کا گھیراؤ کرنے اور اپنے ساتھ کی گئی تضحیک پر آئی جی سندھ مشتاق مہر سمیت کئی اعلیٰ پولیس افسران نے دو ماہ کی چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آرمی چیف کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے اور تحقیقات کے احکامات پر انہوں نے یہ فیصلہ موخر کردیا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی گزشتہ روز وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ آئی جی آفس پہنچے تھے اور سندھ پولیس سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔ انہوں نے آئی جی سندھ مشتاق مہر اور سی سی پی او کراچی غلام نبی میمن سمیت دیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور صوبے میں قیام امن کےلیے سندھ پولیس کی خدمات کو سراہا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button