ماہرہ خان نے ٹوئیٹر ناقد کو کھری کھری کیوں سنا دیں؟


کینیڈا میں ہم ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرنے والی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان سوشل میڈیا پر اپنے لباس پر کی جانے والی تنقید پر غصے میں آ گئیں اور خاتون ناقد کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شوبز شخصیات کچھ بھی کرلیں، کوئی بھی ان سے خوش نہیں ہوگا۔ پاکستان اور بھارت میں اپنی اداکاری سے نام بنانے والی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ہم ایوارڈز کی ایڈٹ شدہ وائرل ویڈیو پر تنقید کرنے والی خاتون کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کرتی آئی ہیں، وہ کرتی رہیں گی اور ان کو کسی کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر تنقید کرنے والی صحافی و لکھاری رافعہ زکریا کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو وہ کر رہی ہیں، کرتی رہیں اور جو میں نے کرنا ہے میں وہ کرتی رہوں گی۔ یاد رہے کہ رافعہ زکریا نے ماہرہ خان کی ہم ایوارڈز کی ایک وائرل ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ تھا کہ اب اداکارہ ویڈیو میں پہنے ہوئے چاروں جوڑے سیلاب کے متاثرین کو عطیہ کر دیں گی۔

رافعہ نے ماہرہ کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ان پر تنقید کی اور لکھا کہ پاکستانی اداکار ٹورانٹو میں ہم ایوارڈز شو کے نام پر سجائے گئے ریڈ کارپٹ کی آمدن سے سیلاب متاثرین کی مدد کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن یہ سب جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ایوارڈز شوز کی آمدن سے ہم ٹی وی کو ہی فائدہ ہوتا ہے۔ اسکے جواب میں ماہرہ خان نے خاتون کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ پاکستانی شوبز شخصیات کچھ بھی کرلیں مگر کوئی ان سے خوش نہیں ہوگا، ماہرہ نے لکھا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد سمیت دیگر فلاحی کاموں میں اپنے حصے کا کام کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی۔

اداکارہ نے خاتون کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ہاں وہ انہیں دکھانے کے لیے فلاحی کام کرتے وقت کچھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں خوش کر سکتی ہیں مگر پھر بھی لوگ ان سے خوش نہیں ہوں گے اور کہیں گے کہ شوبز شخصیات فلاحی کام کرتے وقت بھی دکھاوا کرتی ہیں۔ ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ اگر وہ فلاحی کام کرتے وقت ویڈیوز بناتی ہیں تو انہیں طعنے دیئے جائیں گے کہ صدقہ کرتے وقت بھی دکھاوا کر رہی ہیں، اس لیے جو ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہ اپنا کام جاری رکھیں اور اداکارہ اپنا کام جاری رکھیں گی۔

Related Articles

Back to top button