گرے لسٹ سے نکلنے میں آرمی چیف کا کردار کلیدی ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آنے کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دیتے ہوئے کہا کہ جی ایچ کیو میں آرمی چیف کے قائم کردہ ’کور سیل‘ نے اس اہم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے ایف اے ٹی ایف کی ایف کی شرائط مکمل ہونے اور وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی کی راہ ہموار ہونےپر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ٹیم پاکستان‘ کو مبارک ہو جس نے پاکستان کے لیے کامیاب کاوش کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی مبارک دیتا ہوں، ان کی قیادت میں ٹیم کو یہ اہم کامیابی ملی، پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی امید پر عسکری قیادت کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاکستان کو حاصل ہونے والی اور بڑی کامیابی پر آپ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، جی ایچ کیو میں آرمی چیف کے قائم کردہ ’کور سیل‘ نے پاکستان کی اس اہم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں ایف اے ٹی ایف ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جائے گا،گرے لسٹ سے پاکستان کا نکلنا نیک شگون ہے، آنے والے وقتوں میں پاکستان کو مزید کامیابیاں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جس ٹیم ورک اور جذبے سے گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کی کوشش ہوئی، یہی قومی کاوش معیشت کی بحالی کے لیے بھی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مایوسی، ناامیدی اور معاشی ابتری سے نکال کر تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی طرف واپس لے کر آئیں گے۔
خیال رہے گزشتہ روز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے چار روزہ اجلاس کے بعد کہا تھا کہ پاکستان نے 34 نکات پر مشتمل 2 ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل کر لیا ہے۔

Related Articles

Back to top button