جنرل عاصم منیر بھی عمران کی طرح فاسٹ باؤلر نکلے

معلوم ہوا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی کرکٹ کے شوقین ہیں اور جوانی میں عمران خان کی طرح فاسٹ باؤلنگ کرتے رہے ہیں۔ راولپنڈی میں انکے محلے داروں کا کہنا ہے کہ عاصم منیر بچپن اور جوانی میں کرکٹ کے بے حد شوقین تھے اور لمبا سٹارٹ لیکر تیز رفتار باؤلنگ کروایا کرتے تھے۔ ان کے دونوں بھائی بھی ان کے ساتھ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔

 

راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد سے تعلق رکھنے والے عاصم منیر فوج کے اُن افسران میں سے ہیں جو آفیسر ٹریننگ اسکول منگلا میں بطور کیڈٹ بھرتی ہونے کے بعد ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آرمی چیف بنے ہیں ان کا تعلق 17ویں او ٹی ایس کورس سے ہے۔ روزنامہ جنگ سے وابستہ سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل بھی نئے آرمی چیف کے محلے دار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’جنرل عاصم منیر ایک لائق طالب علم تھے اور جب وہ 1974 میں میرے والد صاحب کے مدرسے میں قرآن مجید حفظ کرنے آئے تو انہوں نے صرف دو سال کے اندر ہی حافظ بن کر اپنی ذہانت ثابت کر دی تھی۔‘ یاد رہے کہ جنرل عاصم منیر کے والد سید سرور منیر راولپنڈی کے علاقے لال کڑتی کے سکول میں پرنسپل تھے۔ انہوں نے اپنے محلے میں ایک مسجد بھی بنوائی تھی۔ اہلِ محلّہ کے مطابق جنرل عاصم منیر کا خاندان ’حفّاظ کا خاندان‘ مشہور تھا۔ انکے دونوں بھائی قاسم منیر اور ہاشم منیر بھی حافظِ قران ہیں۔‘ حافظ طاہر خلیل کا کہنا ہے کہ ’میرے والد اور جنرل عاصم کے والد گہرے دوست تھے اور دونوں نے طے کیا تھا کہ اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے قبل قرآن حفظ کرانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنرل عاصم نے قرآن مجید حفظ کرنے کے بعد سکول میں داخلہ لیا تھا۔

 

یاد رہے کہ جنرل عاصم منیر کو فرنٹیئر فورس ریجمنٹ کی 23 ویں بٹالین میں کمیشن ملا تھا۔ وہ اپنی ترقی اور موجودہ تعیناتی سے قبل ایک تھری سٹار جنرل کے طور پر کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پرجی ایچ کیو میں تعینات تھے۔ انہیں ستمبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی تاہم انہوں نے 27 نومبر 2018ء کوپاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر چارج سنبھالا تھا۔ ان کا آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر تقرر مختصر ترین رہا چونکہ صرف نو ماہ بعد ہی نئے وزیر اعظم عمران خان نے انکی جگہ فیض حمید کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی لگا دیا۔ عاصم منیر کو ہٹانے کے بعد کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا تھا۔ عاصم منیر ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور فورس کمانڈر نادرن ایریاز کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بطور لیفٹیننٹ کرنل سعودی عرب میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

 

سینئر صحافی ماجد نظامی کے مطابق عسکری تاریخ میں جنرل عاصم منیر پہلےآرمی چیف ہیں جو دو انٹیلی جنس ایجنسیوں یعنی آئی ایس آئی اور ایم آئی کی سربراہی کر چکے ہیں۔ اسکے علاوہ وہ پہلے کوارٹر ماسٹر جنرل ہیں جو آرمی چیف کے عہدے تک پہنچے ہیں۔ عاصم منیر ایک مختصر خاندان کے سربراہ ہیں، ان کے تین بچے ہیں جن میں بیٹا سپیشل چائلڈ ہے جبکہ دو بیٹیوں میں سے ایک کی شادی ہو چکی ہے۔

Related Articles

Back to top button