عمران صاحب کے دباو پر یاسمین راشد نے جھوٹی سیاسی پریس کانفرنس کی

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب خدارا صحت پر سیاست نہ کریں، عوام اور ان کی بدترین حالت کی فکر کریں، عمران صاحب کے دباو پر یاسمین راشد نے جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس کی.
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین عمران صاحب کو بتائیں کہ محمد نوازشریف کا آج بھی ریبیوڈیم پی ای ٹی سکین ہوا ہے. ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ نے نوازشریف کے ٹیسٹ کی رپورٹ موجود ہونے کے باوجود میڈیا میں سیاسی تماشا کیا. ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے خود ڈاکٹر ہونے کے باوجود عمران صاحب کے دباو پر کی گئی پریس کانفرنس قابل افسوس ہے. عمران خان کی حکومت پر اب ترس آتا ہے ، کہ آج تک ان کی ترجیح اور سیاست صرف نواز شریف کی صحت ہے. مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں بورڈ نے محمدنوازشریف کے بیرون ملک علاج کی تجویز تھی، ڈاکٹر یاسمین صاحبہ نے خود نواز شریف صاحب کی میڈیکل ریپورٹس سائن کیں انھوں نے کہا کہ وزیر صحت پنجاب نے پریس کانفرنس میں کہاتھا کہ کوئی ڈاکٹر میاں صاحب کے علاج میں رسک لینے پر تیار نہیں، بہت خدشات اور فکر ہے تو یاسمین راشد خود لندن چلی جائیں. انھوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق ڈاکٹرز کی تصدیق شدہ رپورٹس عدالت اور پنجاب حکومت کو شیڈول کے مطابق بھجوائی جارہی ہیں، وزیرصحت کے پاس رپورٹس ہونے کے باوجود جھوٹی اور سیاسی پریس کانفرنس کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ سیاسی تماشا لگانے کی کیا ضرورت تھی؟ ڈاکٹر یاسمین راشد لندن جاکر خود ڈاکٹرز سے مل آئیں. انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ بارہ رکنی بورڈ کی تجویز اور ہدایت پر محمد نوازشریف کا علاج ہوا. محمد نوازشریف کا علاج پنجاب گورنمنٹ کی ہدایت پر ہوا اور انھوں نے کسی قسم کے ٹیسٹ سے کبھی انکار نہیں کیا.
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد سرکاری ہسپتالوں میں علاج اور ادویات کی بندش پر آج پریس کانفرنس کرتیں؟ وزیرصحت پنجاب کے طورپر بہتر ہوتا کہ ادویات مہنگی ہونے اور غریبوں کے مفت ٹیسٹ کی سہولت ختم ہونے پر بات کرتیں؟ انھوں نے کہا کہ نالائق وناکام حکومت، کرائے کے ترجمانوں، نااہل وزراء کی ترجیح میاں نوازشریف کی صحت بارے بہتان تراشی ہے. ان کا کہنا تھا کہ عوام، بدترین مہنگائی اور بیروزگاری سے مررہی ہے اورحکومت نوازشریف کی صحت بارے فقرے کسنے میں مصروف ہے. انھوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام کی صحت پر غور کریں، محمد نوازشریف کی صحت محفوظ ہاتھوں میں ہے، آپ عوام کی فکر کریں، عمران صاحب خدارا عوام کی صحت، روٹی، روزگار پر توجہ مرکوز کریں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button