وزیر اعظم آزاد کشمیر کا سینٹورس مال کیوں سیل ہوا؟

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ منگلا ڈیم کے دوران بدتمیزی کی کوشش کے بعد اسلام آباد کا مشہور سنٹورس مال قواعد کی خلاف ورزی کے الزام پر سیل کر دیا گیا ہے۔ سینٹورس مال سردار تنویر الیاس کی ملکیت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شاپنگ مال کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے سیل کیا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق مال انتظامیہ کو ساڑھے آٹھ سال میں چھ بار قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے نوٹسز جاری کیے گئے لیکن خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔

 

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ سینٹورس مال کے مالکان کو متعدد نوٹس جاری کیے گئے لیکن ان کی طرف سے قواعد پر عمل درآمد نہ ہونے پر اسے سیل کیا گیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی والے مال کے سیل کیے جانے کو کشمیر میں ہونے والے واقعے کا ردِ عمل قرار دے رہے ہیں، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تقریر کے دوران سردار تنویر الیاس نے دخل اندازی کی کوشش کی البتہ شہباز شریف نے انہیں سختی کے ساتھ روک دیا تھا۔ سینٹورس مال سیل ہونے پر اسلام آباد کی انجمن تاجرانِ پاکستان کی کال پر تاجروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف جانے والی جناح ایونیو کو بلاک کر دیا اور سینٹورس مال کے باہر مظاہرہ کیا۔ لیکن سی ڈی اے حکام کے مطابق سینٹورس مال انتظامیہ کو چھ بار نوٹس جاری کرنے کے بعد سیل کیا گیا ہے۔ متعدد بار نوٹس کے باوجود عمارت کا غیرقانونی استعمال اور سی ڈی اے قواعد کی خلاف ورزیاں جاری تھیں۔ سی ڈی اے کے مطابق سینٹورس مال انتظامیہ کو پہلا نوٹس ساڑھے آٹھ برس قبل سات مارچ 2014 کو دیا گیا تھا۔اس کے بعد دوسرا نوٹس تین سال پہلے 25 اکتوبر 2019، تیسرا نوٹس دو سال پہلے 28دسمبر 2020، چوتھا نوٹس گزشتہ برس 31مارچ 2021، پانچواں نوٹس بھی گزشتہ سال 11 اکتوبر 2021جب کہ آخری نوٹس گزشتہ ماہ 23 نومبر 2022 کو جاری کیا گیا تھا۔

 

سی ڈی اے کا آٹھ سال میں چھ بار نوٹس جاری کیے جانے پر کہنا تھا کہ مسلسل نوٹسز کے باوجود سینٹورس مال انتظامیہ نے قواعد پر عمل نہیں کیا اور مسلسل خلافِ قانون استعمال پر مال کو سیل کیا گیا۔ حال ہی میں اس عمارت میں آگ لگنے کے بعد سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے کی بنا پر بھی عمارت کو سیل کیا جا چکا ہے، جس کے بعد تاجروں نے اس پر شدید مزاحمت کی تھی اور مسلم لیگ(ن) کے سابق رکنِ قومی اسمبلی حنیف عباسی نے وزیرِ اعظم سے بات چیت کے بعد سینٹورس مال کو کھلوایا تھا۔ سینٹورس مال کو بند کیے جانے پر ایک بار پھر آل پاکستان انجمن تاجران نے احتجاج کیا ہے اور اسلام آباد کی جناح ایونیو پر سینٹورس مال کے سامنے سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی ہے۔

 

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے میں مال کو سیل کرنا انتقامی کارروائی ہے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ مال سیل کرنے کا مشورہ دینے والوں نے وزیرِ اعظم کی ساکھ کو نقصان پہنچایا لیکن تاجر برادری کو سیاسی انتقام کا نشانہ کسی صورت نہیں بننے دیں گے۔ اس مال سے سینکڑوں تاجروں کا کاروبار وابستہ ہے اور اس کی بندش سے ہزاروں ملازمین بے روز گار ہو جائیں گے۔ ان کے مطابق اسلام آباد کی تاجر برادری سینٹورس مال کے تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مال کو فوری ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کرے۔

 

دوسری جانب آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کے پریس سیکریٹری خالد گردیزی نے کہا ہے کہ منگلا میں جس جگہ ڈیم موجود ہے وہ کشمیر کا حصہ ہے اور اس ڈیم کی تعمیر کے لیے میر پور کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔ گزشتہ روز جب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈیم کے حوالے سے مختلف محکموں اور افراد کا شکریہ ادا کیا تو انہوں نے میر پور کے عوام کا ذکر نہیں کیا جس پر وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس نے شہباز شریف کو دورانِ تقریر ٹوکا، البتہ شہباز شریف نے ان کی بات کو نظر انداز کیا اور کہا کہ اس بارے میں بعد میں بات کرتے ہیں۔ گردیزی کا کہنا تھا کہ اس فنکشن میں وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کو دعوت بھی نہیں دی گئی تھی اور وہاں تقریر بھی نہیں کرنے دی گئی۔ ان کے بقول میرپور کے عوام کے لیے بات کرنے پر انہیں روکا گیا جس پر انہوں نے ایک نیوز کانفرنس کی اور میرپور کے عوام کی دی گئی قربانیوں کا ذکر کیا۔ گردیزی کا کہنا تھا کہ تنویر الیاس نے سینٹورس مال کی صورت میں اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کی جب ملک کے حالات دہشت گردی کی وجہ سے سخت خراب تھے لیکن اب صرف سیاسی بنیادوں پر انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ ہزاروں تاجروں کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے جو اپنا کاروبار اس جگہ کر رہے ہیں۔ سی ڈی اے کی کارروائی پر انہوں نے کہا کہ قواعد کی اگر خلاف ورزی ہو رہی تھی، تو کئی برس پہلے اس کی تعمیر کے دوران کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ اب اچانک رات گئے قواعد کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر عمارت کو سیل کرنے سے ہزاروں خاندان متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حقیقت سےآگاہ کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button