پاکستان بھی سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہونے سے 5 ماہ دور


معروف اینکر پرسن اور تجزیہ کار جاوید چوہدری نے پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کا سری لنکا کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان حال ہی میں دیوالیہ ہوجانے والے سری لنکا سے صرف 5 ماہ کی دوری پر ہے۔یاد رہے کہ سری لنکا نے 12 اپریل 2022 کو خود کو دیوالیہ ملک قرار دے دیا تھا۔
اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ ہم نے دیوالیہ کا صرف لفظ سنا ہے‘ ہم اس کے نتائج اور ردعمل سے بالکل واقف نہیں ہیں‘ میں لوگوں کو اکثر یہ کہتے سنتا ہوں کہ اگر ہم دیوالیہ ہو بھی گئے تو کیا فرق پڑتا ہے؟ علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی ایک تقریر آج بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے جس میں وہ فرما رہے تھے کہ ہم سے جو بھی ملک اپنے پیسے واپس مانگے اسے کہو کہ چل اوئے بھاگ جا، لیکن اگر وہ نہ مانے تو اسے کہو کہ لو فیر آیا جے غوری میزائل۔ جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ میں نے لوگوں کو اس تقریر پر واہ واہ اور سبحان اللہ‘ سبحان اللہ بھی کہتے سنا‘ یہ آوازیں بھی ثابت کرتی ہیں کہ ہم پاکستانی حقائق سے غافل اور بے عقل لوگ ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ سری لنکا میں بھی ایسے لاکھوں لوگ تھے، وہ بھی حکومت کو کہتے تھے کہ اگر ہم دیوالیہ ہو بھی گئے تو کیا فرق پڑتا ہے۔ لیکن آج سب سے زیادہ یہی لوگ رو رہے ہیں‘ سڑکوں پر مظاہرے ہو رہے ہیں اور سرکاری دفتروں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر یہ اہلکار اور سرکاری محکمے اب کیا کر سکتے ہیں؟ پورا سری لنکا اس وقت ٹوٹی ہوئی کشتی کی طرح سمندر میں ہچکولے کھا رہا ہے اور پوری دنیا میں اسے بچانے اور سہارا دینے والا کوئی شخص موجود نہیں۔
جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ آپ اگر دیوالیہ پن کو سمجھناچاہتے ہیں تو آپ چند مثالیں دیکھ لیں‘ سری لنکا کو تین ہزار میگا واٹ بجلی چاہیے ہوتی ہے جب کہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار میگاواٹ ہے، لیکن 80 فیصد بجلی تھرمل پاورپلانٹس سے پیدا ہوتی ہے اور یہ پلانٹس ڈیزل‘ فرنس آئل اور کوئلے پر چلتے ہیں‘ ان کو چلانے کے لیے ڈالرز چاہئیں اور سری لنکا کے پاس ڈالرز نہیں ہیں، لہٰذا پاور پلانٹس بند ہیں اور ملک میں روزانہ ساڑھے سات گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے‘ صبح آٹھ بجے سے ایک بجے اور شام چھ سے ساڑھے آٹھ بجے تک پورے ملک میں بجلی نہیں ہوتی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ٹیلی ویژن‘ موبائل فون سروسز‘ دفتر‘ اسکول‘ اسپتال‘ ریستوران‘ چائے خانے اور ہوٹل بند ہو جاتے ہیں۔
یہ پڑھ کر آپ کے ذہن میں سوال آئے گا یہ ادارے اپنے جنریٹرزکیوں نہیں چلا لیتے؟ وہ جنریٹر چلا سکتے ہیں لیکن جنریٹرز ڈیزل‘ پٹرول‘ فرنس آئل‘ گیس اور کوئلے سے چلتے ہیں اور یہ سہولتیں اس وقت ملک میں موجود ہی نہیں ہیں‘ بجلی کی بندش سے ٹیوب ویل اور پانی کی موٹرز نہیں چل رہیں چنانچہ پورے ملک میں پانی اور سیوریج دونوں بڑے بحران بن چکے ہیں‘ پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہو چکی ہے اور ریل سروس بھی‘ ذاتی گاڑیاں بھی گیراجوں میں کھڑی ہیں یا پھر پارکنگ لاٹس اور گلیوں میں‘ بچوں کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں کیوں کہ ایجوکیشن بورڈز کے پاس امتحان کی کاپیاں اور سوال چھاپنے کے لیے کاغذ ہی موجود نہیں ہیں۔
جاوید چوہدری بتاتے ہیں کہ سری لنکا کی ایکسپورٹس کا 52 فیصد ٹیکسٹائل اور گارمنٹس پر مشتمل تھا‘ جی ڈی پی میں چائے کی ایکسپورٹ کا والیم 17 فیصد تھا جب کہ باقی 31 فیصد آمدنی مسالوں‘ قیمتی پتھروں‘ کوکونٹ‘ ربڑ‘ فش اور سیاحت سے آتی تھی۔ تیل کی بندش‘ لوڈشیڈنگ اور ڈیفالٹ کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور چائے سمیت ساری ایکسپورٹس رک گئیں‘ فلائٹس بند ہوئیں تو سیاحت کی انڈسٹری بھی دم توڑ گئی‘ مسافر نہیں آ رہے تو ہوٹل‘ ریستوران اور عجائب گھر بھی اجڑ گئے۔ پاکستان کی طرح سری لنکا کے مالیاتی ذخائر کا بڑا سورس بھی تارکین وطن ہیں‘ ملک کے معاشی حالات خراب ہوئے تو دوسرے ملکوں میں مقیم سری لنکن نے بھی رقمیں بھجوانا بند کر دیں لہٰذا بحران بڑھتا چلا گیا اور آج سری لنکا پوری دنیا کو محتاج نظروں سے دیکھ رہا ہے اور کوئی اس کا ہاتھ پکڑنے کے لیے تیار نہیں۔
ہم اب اس سوال کی طرف آتے ہیں آخر سری لنکا اس حالت کو کیسے پہنچا؟ ہم سردست سیاسی وجوہات کو سائیڈ پر رکھ دیتے ہیں اور عملی چیزیں دیکھتے ہیں‘ سری لنکا قدرتی وسائل سے مالا مال خوب صورت ملک ہے‘ دنیا کی بہترین چائے پیدا کرتا ہے‘ گھنے جنگلوں کا مالک ہے‘ بودھ مت کا گڑھ ہے لہٰذا مذہبی سیاحت کے خزانے بھی ہیں‘ دنیا جہاں کے مسالے بھی پیدا ہوتے ہیں‘ سری لنکا کی دارچینی پوری دنیا میں مشہور ہے‘ یہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں آیا تو دنیا کے نامور برینڈز گاہک بن گئے۔
جاوید چوہدری بتاتے ہیں کہ سری لنکا چار سائیڈز سے سمندر میں گھرا ہوا ہے لہٰذا ہر قسم کا ساحل بھی ہے اور ان ساحلوں پر سینکڑوں ریزارٹس اور ہوٹلز بھی موجود ہیں‘ یہاں 92 فیصد لوگ پڑھے لکھے ہیں‘ بھکاری بھی روزانہ اخبار پڑھتے ہیں‘ برصغیر کی قدیم ترین لائبریری گال شہر میں ہے‘ یہ ہالینڈ کے جہاز رانوں نے 1832میں بنائی تھی اور آج بھی چل رہی ہے‘ مہاتما بودھ کا ایک دانت کینڈی شہر میں رکھا ہوا ہے اور پوری دنیا سے بودھ بھکشو اس کی زیارت کے لیے کینڈی آتے ہیں۔
سری لنکا سائوتھ ایشیا کا پہلا ملک تھا جس نے 1970میں اپنی معیشت کو لبرل بنایا تھا اور سری لنکن بہت صفائی پسند‘ ڈسپلنڈ اور نرم مزاج لوگ بھی ہیں‘ مہمان نوازی کے شعبے میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں لیکن پھر ایسا کیا ہوا جس کی وجہ سے سری لنکا دیوالیہ ہو گیا؟
اس کی چھ وجوہات ہیں‘ پہلی وجہ قرضے ہیں‘ سری لنکا کو بھی پاکستان کی طرح قرضوں کی لت لگ گئی تھی‘ یہ تازہ ہوا کے لیے بھی قرضہ لے لیتا تھا‘ یہ قرضے بڑھتے بڑھتے جی ڈی پی کا 119 فیصد ہو گئے یعنی آپ جو کچھ کما رہے ہیں وہ اور اس کے ساتھ مزید 20 فیصد قرضوں کی قسطوں میں دے رہے ہیں لہٰذا ملک ہماری طرح قرضے کی ادائیگی کے لیے بھی قرض لینے پر مجبور ہو گیا۔
جاوید چوہدری بتاتے ہیں کہ سری لنکا کے دیوالیہ ہونے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی طرح اسکا بجٹ اور تجارتی خسارہ بھی بڑھ گیا یعنی جتنا بجٹ بناتے تھے یہ اس سے زیادہ خرچ کر دیتے تھے اور انھیں جتنی آمدنی برآمدات سے ہوتی تھی یہ اس سے زیادہ رقم درآمدات پر خرچ کر دیتے تھے‘ یہ لوگ بھی ہماری طرح بیچتے کم اور خریدتے زیادہ تھے‘ تیسری وجہ سری لنکا میں ہماری پی آئی اے اور اسٹیل مل کی طرح 502 ایسے سفید ہاتھی تھے جن پر بجٹ کا 20 فیصد حصہ خرچ ہو جاتا تھا‘ ان اداروں میں سیاسی بھرتیاں ہوتی تھیں‘ صرف دفتروں کے تالے کھولنے اور بند کرنے کے لیے بیس بیس لوگ تھے۔ یہ ہاتھی کھاتے بہت زیادہ تھے لیکن واپس کچھ نہیں کرتے تھے‘ چوتھی وجہ سری لنکا کی ٹریڈ پالیسی بنی‘ پالیسی بہت اچھی تھی‘ یہ سائوتھ ایشیا کا پہلا ملک تھا جس نے اپنی معیشت عالمی منڈی کے لیے اوپن کی لیکن پاکستان کی طرح ان کی انڈسٹری اور تجارت بھی بیوروکریسی کے ہاتھوں ذلیل ہو رہی تھی‘ فیکٹریوں کے مالکان کا ایک پائوں فیکٹری میں ہوتا تھا اور دوسرا سرکاری دفتروں میں‘ ارب پتی لوگ بھی عام سرکاری دفتروں کے برآمدوں میں بیٹھے ہوتے تھے۔ غیر ملکی کمپنیاں بھی سری لنکا آئیں لیکن بیوروکریسی کے تاخیری حربوں‘ رشوت اور منفی رویے کی وجہ سے واپس چلی گئیں لہٰذا بیوروکریسی کی وجہ سے سری لنکن بزنس مین ترقی بھی نہ کر سکے اور یہ ہانگ کانگ‘ ملائیشیا اور تائیوان میں بھی بیٹھ گئے۔ دیوالیہ ہونے کی پانچویں وجہ یہ ہے کہ سری لنکا مسلسل 26 سال خلفشار اور خانہ جنگی کا شکار رہا‘ تامل ٹائیگرز نے 1983 میں جنگ شروع کی اور یہ 2009 تک مسلسل لڑتے رہے‘ اس جنگ نے ملک‘ معیشت اور فوج تینوں کی جڑیں ہلا کر رکھ دیں‘ دنیا میں خودکش حملوں کے تازہ موجد بھی تامل ٹائیگرز تھے‘ خودکش جیکٹ ان لوگوں نے بنائی تھی۔
سری لنکا نے پاکستان کی مدد سے 2009 میں اس عفریت پر قابو پایا لیکن یہ جاتے جاتے ملک کا سب کچھ لے گیا ۔ دیوالیہ ہونے کی چھٹی وجہ یہ ہے کہ سری لنکا میں تعلیم بہت ہے لیکن پاکستان کی طرح عملی تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے‘ لوگ ڈگری ہولڈرز ہیں مگر ان کے پاس ہنر کوئی نہیں لہٰذا پاکستان کی طرح سری لنکا میں بھی ہر شخص نوکری کی درخواست جیب میں ڈال کر پھر رہا تھا اور اس کا نتیجہ ڈیفالٹ کی صورت میں نکلا۔
جاوید چوہدری کہتے ہیں کہ سری لنکا کی مثال دیکھ کر آپ یہ بات اب سمجھ لیں کہ دنیا میں کوئی قوم قدرت کی فیورٹ نہیں ہوتی‘ بنی اسرائیل اللہ تعالیٰ کی محبوب ترین قوم تھی لیکن اس نے بھی جب قدرت کے سسٹم کی خلاف ورزی کی تو وہ بھی ہزاروں سال ذلیل و خوار ہوتی رہی‘ ہم مسلمان بھی کئی سو سال سے خوار ہو رہے ہیں‘ کیوں؟ کیوں کہ ہم بھی نیچر کے سسٹم سے الٹ چل رہے ہیں لہٰذا یہ یاد رکھیں اگر اللہ تعالیٰ نے 22ملین سری لنکن کی کوئی مدد نہیں کی تو نالائقی‘ سستی اور نااہلی کے مارے 220ملین پاکستانیوں کے لیے بھی کوئی غیبی امداد نہیں آئے گی اور آپ یہ بھی یاد رکھیں ہم سری لنکا سے صرف پانچ ماہ پیچھے ہیں اور ہم نے اگر ان پانچ ماہ میں خود کو نہ بچایا تو سری لنکا کے بعد ہم اگلی دیوالیہ قوم ہوں گے۔ ہم اگر خدانخواستہ دیوالیہ پن کے گڑھے میں گر گئے تو پھر ہمیں باہر نکلنے کے لیے پہلی قیمت گوادر اور ایٹمی پروگرام کی شکل میں ادا کرنی پڑے گی، اس کے بعد دوسری‘ تیسری اور چوتھی قیمتیں بھی موجود ہیں لہٰذا سنبھل جائیں گنجائش نہیں ہے۔ جاوید کہتے ہیں کہ میری درخواست ہے آرمی چیف اور چیف جسٹس آگے بڑھیں‘ سیاست دانوں کو اکٹھا بٹھائیں‘ نیشنل ایجنڈا بنائیں اور ملک کو دیوالیہ پن سے بچائیں ورنہ پھر اس ملک میں کسی کو کسی سے چھپنے کی مہلت نہیں ملے گی۔

Related Articles

Back to top button