کافی گرمیوں میں بھی چھوڑنے والی چیز کیوں نہیں؟

کیفین اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور مشروب، کافی کے شیدائی امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، یورپ اور دیگر ممالک میں تو تھے ہی۔۔لگ بھگ تین دہائیوں سے پاکستان میں بھی اس کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ کافی کو سرد ملکوں کا مشروب کہا جاتا تھا اور گرم علاقوں میں چائے زیادہ مرغوب تھی کیونکہ اس میں کیفین کی مقدار کافی کی نسبت کم ہوتی ہے۔ پھر جیسے جیسے مغرب اور مشرق کے فاصلے سمٹتے گئے، کھانوں اور پہناووں میں یکسانیت آتی گئی۔۔ اب تو پاکستان میں بھی، خصوصاً ینگ جینریشن کافی کی ”کافی“ شوقین ہے بلکہ اسے فیشن یا سٹیٹس سمبل مانا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں روزانہ تقریباً دو ارب کپ کافی پی جاتی ہے۔۔البتہ زیادہ کافی صحت کے لئے نقصان دہ بھی ہو سکتی ہے۔اس میں کیفین کی اتنی مقدار موجود ہوتی ہے کہ اس کے اثرات کافی پینے کے دس گھنٹے بعد بھی ختم نہیں ہوتے۔ اب تک ایک کپ کافی میں کیفین کی مقدار کا تعین 35 سے 300 ملی گرام تک کیا گیا ہے، اس کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ آپ کس برانڈ کی کافی پی رہے ہیں اور اسے کس طریقہ سے تیار کیا گیا ہے۔۔ویسے اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو کافی کے روزانہ ایک دو کپ آپ کی یہ مشکل آسان کر سکتے ہیں۔ خیر یہاں کافی کے ذرا مختلف استعمال کی بات ہو رہی ہے اور اس کا گرم یا سرد موسم سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ کافی کے چند ایسے کرشمے یا ”بیوٹی ہیکس“ ہیں جو نہ صرف آپ کی جِلد کو حسین اور چمکدار بناتے ہیں بلکہ آپ کے بالوں کے لئے بھی کسی ہیئر ٹانک سے کم نہیں۔۔مثلاً اکثر لوگوں کی کہنی بازو کے مقابلے میں ڈارک ہوتی ہے اور گرمیوں میں چونکہ زیادہ تر ہاف سلیو شرٹس پہنی جاتی ہیں تو آپ حیران ہوں گے کہ کہنی کے ڈارک سرکل کافی سے ختم کئے جا سکتے ہیں۔۔اس کے لئے آپ ایک چمچ کافی میں ایک چمچ دہی اور آدھا چمچ شہد مکس کر کے پیسٹ بنا لیں اور کہنی پر اس پیسٹ کا اچھے سے مساج کریں۔ 15 سے 20 منٹ تک سے لگا رہنے دیں اور اس کے بعد پانی سے صاف کر لیں۔ آنکھوں کے نیچے ڈارک سرکل کو ختم کرنے کے لئے آدھا چمچ کافی پاؤڈر، آدھا چمچ ہلدی پاؤڈر کو ایلویرا جیل میں اچھی طرح مکس کر لیں اور آنکھوں کے نیچے ہلکا ہلکا مساج کریں، چند منٹ کے بعد آنکھیں صاف پانی سے دھو لیں، یہ ہیک ہفتے میں دو تین بار ٹرائی کریں۔ چہرے کی چمک اور فریش نیس کے لئے ایلویرا کا پتا لیں اور اس کے کانٹے صاف کر کے سنٹر سے کاٹ لیں، پتے میں جیل موجود ہوتا ہے۔ اب پتے پر ایک چمچ کافی اور ایک چٹکی ہلدی ڈال کر اس سے چند منٹ چہرے پر نیچے سے اوپر کی طرف مساج کریں، 10 سے 15 منٹ بعد چہرہ دھو لیں اور کوئی اچھی سی موئسچرائزر کریم لگا لیں۔ آپ کا چہرہ چمک اٹھے گا۔ کافی بالوں کو مضبوط اور گھنا بنانے کے علاوہ گرے بالوں کے لئے قدرتی ہیئر ڈائی کا کام بھی کرتی ہے۔ اس کے لئے آپ دو چمچ کافی میں دو چمچ چاول مکس کریں اور انھیں اچھی طرح اُبال لیں۔ اب اس پانی کو کاٹن کی مدد سے یا کسی سپرے بوتل میں ڈال کر بالوں کی جڑوں پر لگائیں اور ایک یا دو گھنٹے بعد بال عام شیمپو سے دھو لیں۔ چند ہفتے بالوں میں شیمپو کرنے سے پہلے یہ ہیک آزمائیں، یہ بالوں کو جھڑنے سے بھی روکتا ہے۔ ایک دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کوکونٹ آئل میں ایک چمچ کافی اور آدھا چمچ ہلدی مکس کریں اور سکیلپ پر کچھ دیر اچھی طرح مساج کریں، تقریباً ایک گھنٹے بعد شیمپو کرلیں۔۔بات صرف اتنی ہے کہ کافی صرف پینے کی نہیں، بڑے کام کی چیز  ہے!!

Related Articles

Back to top button